ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

ماہ رمضان میں راتوں میں لگیں گے کورونا ویکسین کے کیمپ

بھوپال میں ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد میں بھی کورونا ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد کیاگیا اور آئندہ بھی عوام کے مطالبے پر کیا جاتا رہے گا۔

  • Share this:
ماہ رمضان میں  راتوں میں لگیں گے کورونا ویکسین کے کیمپ
بھوپال میں ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد میں بھی کورونا ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد کیاگیا اور آئندہ بھی عوام کے مطالبے پر کیا جاتا رہے گا۔

کورونا قہر ملک کی دوسری ریاست کے ساتھ مدھیہ پردیش میں بھی جاری ہے۔ مدھیہ پردیش میں کورونا کے ایکٹو معاملے چھبیس ہزار کو تجاوز کر گئے ہیں ۔وہیں پچھلے چوبیس گھنٹے میں ریاست میں کورونا کے چارہزار تینتالیس نئے معاملے درج کئے گئے ہیں۔ کورونا کو لیکر صوبائی سطح پر جہاں بیداری مہم کو تیز کیاگیا ہے وہیں کورونا ٹیکہ کاری مہم کو بھی جنگی پیمانے پر چلایا جا رہا ہے ۔ بھوپال میں ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد میں بھی کورونا ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد کیاگیا اور آئندہ بھی عوام کے مطالبے پر کیا جاتا رہے گا۔ بھوپال ایس ڈی ایم جمیل احمد خان کہتے ہیں کہ کورونا ٹیکہ کاری اور مسلم سماج کو لیکر طرح طرح کی باتیں سامنے آرہی تھیں مگر تاج المساجد کے ذمہ داران نے کیمپ کا انعقاد کرکے بتادیا کہ قومی تحفظ کا معاملہ ہو یا قومی صحت کا مساجد اور اس کے ماننے والے کہیں بھی پیچھے نہیں ہیں۔

آپ خود دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح لوگ نکل نکل کر اپنے گھروں سے آرہے ہیں اور ٹیکہ کاری مہم کا حصہ بن رہے ہیں ۔ جو لوگ پہلا ڈوز لگوا رہے ہیں ان کے اٹھائیس دن ماہ رمضان میں پورے ہونگے ۔اس لئے لوگوں کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ان کے لئے ماہ رمضان میں رات میں کورونا ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ وہ افطار اور نماز سے فارغ ہوکر کورونا کا ٹیکہ لگواسکیں ۔


ڈاکٹر ظفرحسن کہتے ہیں کہ یہاں آنے والے تمام لوگوں کی پہلے طبی جانچ کی جاتی ہے اس کے بعد کاؤنسلنگ کی جاتی ہے اور جب انہیں اطمینا ہوجاتا ہے تو انہیں کورونا کی ویکسین دی جاتی ہے اور کورونا ویکسین لگنے کے بعد انہیں جوس بھی پلایا جاتا ہے اور کم سے آدھا گھنٹے یہاں پر رکھنے کے بعد گھر کو روانہ کیا جاتا ہے ۔ کورونا ویکسین صحت کے لئے بہت ضروری ہے اور سبھی لوگوں کو بلا لحاظ قوم وملت اسے لگوانا چاہیئے۔


کورونا ٹیکہ لگوانے آئے جاوید خان کہتے ہیں کہ ہم نے بہت سے سینٹر پر جاکر جائزہ لیا لیکن تاج المساجد میں کورونا ویکسین کا جیسا انتظام کیا گیا ہے ویساکہیں نہیں دیکھا۔میں نے خود بھی ٹیکہ لگوایا ،اپنی بیوی اور والدہ کو بھی ٹیکہ لگوایا ہے ،ماشا اللہ کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہے ۔ایک خدشہ جوتھا کہ ماہ رمضان میں دوسری ڈوز کا کیا ہوگا ،کیونکہ روزہ رکھ کر انجیکشن نہیں لگوایاجا سکتا تو ہمیں بتایا گیا کہ ماہ رمضان میں رات میں تاج المساجد میں کیمپ کا انعقاد ہوگا ۔

کورونا ویکسین کا ٹیکہ لگوانے آئیں تو فریدہ خان کہتی ہیں کہ کورونا مذہب پوچھ کر نہیں آئے گا کسی کے پاس،لوگوں کو اپنے من کے بھرم کو دورکر کے اسے لگوانا چاہیئے اور اب سے زیادہ بہتر انتظام کیا ہوسکتا ہے کہ مساجد میں جہاں کورونا کے خاتمہ کے لئے دعا کی جا رہی ہے وہیں پرکورونا کی دوا کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔
Published by: Sana Naeem
First published: Apr 08, 2021 02:26 PM IST