نئی دہلی : ملک میں کوروناوائرس کے نئے کیسز کی تعداد 12 ہزار سے اوپر برقرار ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے پیر کو کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 12,781 نئے مریض پائے گئے اور 18 اموات درج کی گئی ہیں ۔ نئے کیسز میں گزشتہ روز کے مقابلہ میں معمولی کمی آئی ہے۔ اتوار کو 12,899 نئے معاملات ریکارڈ کئے گئے تھے ۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 4226 بڑھ کر 76,700 ہوگئی ہے۔ یومیہ مثبتیت کی شرح 4.32 فیصد ہے جبکہ ہفتہ وار پازیٹیویٹی شرح 2.62 فیصد ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8,537 رہی۔ وزارت صحت کی ویب سائٹ کے مطابق مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 3085 لوگ ہیں جنہوں نے کورونا کو شکست دی ہے۔ اس کے بعد کیرالہ میں 2204 اور دہلی میں 1104 مریض کورونا کی زد سے باہر آئے ہیں ۔ ملک میں صحت یابی کی شرح 98.61 فیصد ہے۔
ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد کل کیسز کا 0.18 فیصد ہے۔ تاہم پچھلے 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ ایکٹیو معاملات 1161 کیرالہ میں بڑھے ہیں ۔ اس کے بعد مہاراشٹر میں 918، تمل ناڈو میں 449، دہلی میں 423 ایکٹیو کیس درج کئے گئے ہیں۔ میزورم واحد ریاست رہی جہاں ایکٹیو کیسز کم ہوئے ہیں ۔
اموات کی بات کریں تو کل درج 18 اموات میں سے 11 وہ ہیں جو کیرالہ میں پچھلے دنوں ہوئیں ، لیکن اب ریکارڈ میں آئی ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی میں 3 اور کرناٹک، مہاراشٹر، مغربی بنگال اور پنجاب میں ایک ایک کی کورونا کی وجہ سے موت ہوئی ہے۔ حکومت کے ریکارڈ میں اب تک مجموعی طور پر 5,24,873 افراد کورونا کی وجہ سے جان کی بازی گنوا چکے ہیں ۔
ریاستوں کے حساب سے دیکھیں تو اتوار کو دارالحکومت دہلی میں کورونا سے متاثرہ 1530 نئے مریض پائے گئے تھے اور تین اموات کی تصدیق ہوئی تھی ۔ انفیکشن کی شرح بڑھ کر 8.41 فیصد ہوگئی تھی ۔ یہ انفیکشن کی شرح 28 جنوری کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
دہلی میں ہفتہ کو 1534 مریض پائے گئے تھے جبکہ انفیکشن کی شرح 7.71 فیصد تھی ۔ جمعہ کو 1797 کیسز پائے گئے تھے ، جو کہ تقریباً چار ماہ میں ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز تھے اور انفیکشن کی شرح 8.18 فیصد تھی ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔