ہوم » نیوز » مشرقی ہندوستان

کورونا وائرس : مغربی بنگال میں کوارنٹائن سینٹر بنائے جانے کے خلاف لوگوں نے پولیس پر کیا حملہ ، کئی زخمی

ترنمول کانگریس کے لیڈر اشرف شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے گھر میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی ہے ۔ جاموڑیا پولیس اسٹیشن کے افسر انچار ج سبرتا گھوش کو رانی گنج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔

  • Share this:
کورونا وائرس : مغربی بنگال میں کوارنٹائن سینٹر بنائے جانے کے خلاف لوگوں نے پولیس پر کیا حملہ ، کئی زخمی
قابل ذکر بات یہ ہے کہ کچھ ایسے معاملات بھی سامنے آئے ہیں جن میں کچھ افراد کو علاج سے صحت یاب ہونے کے بعد بھی کورونا مثبت پایا گیا ہے۔

مغربی بنگال کے مغربی بردوان ضلع کے چارولیا گاؤں کے باشندوں نے کورونا وائرس کے پیش نظر گاؤں کے قریب ایک یوتھ ہوسٹل کو کوارنٹائن سنٹر بنائے جانے کے خلاف 20 پولس اہلکاروں پر حملہ کردیا ، جس میں سینئر پولس افسر سمیت کئی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں ۔ چارولیا گاؤں بنگلہ کے مشہور شاعر قاضی نذرالاسلام کا آبائی گاؤں بھی ہے ۔ دودن قبل اس کوارنٹائن سینٹر میں پولیس نے کورونا وائرس کے کچھ مشتبہ مریضوں کو یہاں منتقل کیا تھا ۔ اس کے بعد سے ہی یہاں ماحول کشیدہ ہے ۔ گاؤں والوں کا مطالبہ ہے کہ یہاں سے سینٹر منتقل کیا جائے اور قریب میں واقع پرائمری ہیلتھ سنٹر کے قریب اسکول میں کورونا وائرس کے مریضوں کو منتقل کیا جائے ۔


گاؤں والوں نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 اپریل کو آسنسول میں کورونا وائرس کی وجہ سے مرنے والے 71 سالہ یونانی ڈاکٹر کے ایک رشتہ دار کو پہلے یہاں لایا گیا تھا اور انہیں کل رات اسپتال میں منتقل کیا گیا ۔ اس کے بعد سے ہی یہاں ماحول خراب ہے ۔ لوگوں کے مطابق بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی ۔ پولس پر گاؤں والوں نے حملہ کیا ۔ ناراض بھیڑ نے ترنمول کانگریس کے لیڈروں کے گھروں میں بھی توڑ پھوڑ کی ۔ گاؤں والوں کا الزام ہے کہ ترنمول کانگریس کے لیڈروں نے ہی یوتھ سینٹر کو کوارنٹائن سینٹر کے طور پر استعمال کرنے کا ضلع انتظامیہ کو مشورہ دیا تھا ۔ سینٹر سے محض 100 میٹر کی دوری پر ہی قاضی نذرالاسلام کی اہلیہ کی قبر ہے ۔


ترنمول کانگریس کے لیڈر اشرف شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے گھر میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی ہے ۔ جاموڑیا پولیس اسٹیشن کے افسر انچار ج سبرتا گھوش کو رانی گنج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ان کا پاؤں حملے میں ٹو ٹ گیا ہے اور دیگر پولیس اہلکار بھی زخمی ہیں ۔ حادثے کے بعد بڑی تعداد میں اس گاؤں میں رپیڈ ایکشن فورسیس کو تعینات کیا گیا ہے ۔


آسنسول کے میئر جیتندر تیواری نے کہا کہ اس وقت حالات کنٹرول میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے واقعہ کی جانچ کی جائے گی ۔ واضح  رہے کہ کوارنٹائن سینٹر بنائے جانے کی مخالفت میں بنگال میں اتنے بڑے پیمانے پر پہلی مرتبہ تشدد کے واقعات رونما ہوئے ہیں ۔ تاہم کوارنٹائن سینٹر بنائے جانے کی مخالفت پرولیا ، مغربی مدنی پور، کوچ بہار اضلاع میں ہوچکی ہے ۔
First published: Apr 16, 2020 09:22 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading