ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

کووڈ 19: دہلی میں آج سے لاک ڈاؤن ، پیسنجر ٹرینیں 31 مارچ تک نہیں چلیں گی

لاک ڈاؤن کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گا اور صرف 25 فیصد ڈی ٹی سی بسیں چلیں گی۔ یہ بسیں بھی ضروری خدمات انجام دینے والے افراد کے لئے ہی چلائی جائیں گی۔

  • Share this:
کووڈ 19: دہلی میں آج سے لاک ڈاؤن ، پیسنجر ٹرینیں 31 مارچ تک نہیں چلیں گی
کووڈ 19: دہلی میں آج سے لاک ڈاؤن ، پیسنجر ٹرینیں 31 مارچ تک نہیں چلیں گی

نئی دہلی۔ کووڈ -19 کے انفیکشن کے خطرات کے پیش نظر دہلی کو آج صبح سے ہی لاک ڈاون (Lockdown) کردیا گیا ہے۔ دارالحکومت دہلی میں 23 مارچ سے لے کر 31 مارچ تک لاک ڈاؤن کی صورتحال برقرار رہے گی۔ ہندوستانی ریلوے (Indian Railways) نے 31 مارچ تک تمام پیسنجر ٹرینوں کو منسوخ (All Passenger Train Cancelled) کردیا ہے۔


دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتوار کے روز پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر 23 مارچ کی صبح 6 بجے سے دارالحکومت میں لاک ڈاؤن نافذ ہو جائے گا اور یہ نظام 31 مارچ کی نصف شب یعنی 12 بجے تک برقرار رہے گا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ دہلی کے لیفٹننٹ گورنر انل بیجل بھی موجود تھے۔



دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ’’کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ یہ انفیکشن تیسرے مرحلے تک پہنچ جائے اور اموات کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہو جائے اور ہم خود کو کبھی معاف نہ کر پائیں‘‘۔

لاک ڈاؤن کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گا اور صرف 25 فیصد ڈی ٹی سی بسیں چلیں گی۔ یہ بسیں بھی ضروری خدمات انجام دینے والے افراد کے لئے ہی چلائی جائیں گی۔ اس دوران ریاست کی تمام عبادت گاہیں بند رہیں گی۔ دہلی کی دکانیں اور بازار سب بند رہیں گے۔ دہلی کی سرحدیں سیل رہیں گی، تاہم دوسری ریاستوں سے کھانا اور سبزی لانے والی گاڑیوں کو دہلی آنے کی اجازت رہے گی۔ اس کے علاوہ تمام پروازیں معطل رہیں گی لیکن اسپتال اور محکمہ بجلی کے دفاتر کھلے رہیں گے۔


لاک ڈاؤن کا مطلب ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ خدمات بند رہے گی۔ یہ پابندی نجی بسوں، ٹیکسی، رکشہ اور ای رکشہ سب پر عائد رہے گی۔ لاک ڈاؤن کے دوران دہلی کی دکانیں، بازار، دفاتر، گودام، ہفتہ وار بازار اور دیگر تمام ادارے بند رہیں گے۔ اس دوران دہلی میں ہر طرح کا تعمیراتی کام بھی بند رہے گا۔ اس کے علاوہ نجی دفاتر بھی بند رہیں گے۔
First published: Mar 23, 2020 08:12 AM IST