ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کرناٹک: کووڈ۔ 19سے مرنے والوں کی لاشوں کی بے حرمتی، لوگوں میں شدید ناراضگی

کرناٹک سے ایسے تین ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں جس میں محکمہ صحت کا فیلڈ اسٹاف غیر انسانی طریقے سے کووڈ۔ انیس سے مرنے والوں کی لاشوں کی بے حرمتی کر رہا ہے۔

  • Share this:
کرناٹک: کووڈ۔ 19سے مرنے والوں کی لاشوں کی بے حرمتی، لوگوں میں شدید ناراضگی
علامتی تصویر

بنگلورو۔ کورونا وائرس کی وبا نے انسانی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں اور یہ اثرات مرنے کے بعد بھی نظر آ رہے ہیں۔ ملک بھر سے کئی ایسی تصویریں اور ویڈیوز منظر عام پر آئے ہیں کہ جس میں کورونا سے مرنے والے افراد کی لاشوں کے ساتھ بے حرمتی کی جا رہی ہے۔ ایسے ہی کئی واقعات جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک میں پیش آئے ہیں۔ کرناٹک میں گزشتہ دو دنوں میں کورونا سے مرنے والوں کی لاشوں کے ساتھ ایسی بے حرمتی کی گئی کہ دیکھنے والے باضمیر انسانوں کا کلیجہ کانپ کر رہ جائے۔


کرناٹک سے ایسے تین ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں جس میں محکمہ صحت کا فیلڈ اسٹاف غیر انسانی طریقے سے کووڈ۔ انیس سے مرنے والوں کی لاشوں کی بے حرمتی کر رہا ہے۔ لاشوں کو غیر انسانی طریقے سے ایسے گھسیٹ کر لایا جا رہا ہے کہ کسی آوارہ جانور کی لاش کو بھی کوئی ایسے نہیں گھسیٹتا ہے۔ ان ویڈیوز کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ انسانیت شاید اب نہیں رہی۔



پہلا واقعہ کرناٹک کے شمالی شہر بیلاری کا ہے جہاں محکمہ صحت کا فیلڈ اسٹاف کووڈ۔ انیس سے مرنے والوں کی لاشوں کو ایک اجتماعی قبر میں پھینک ر ہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی پی ای کٹ پہنے پانچ افراد یکے بعد دیگرے آٹھ لاشوں کو گھسیٹتے ہوئے لا کر ایک اجتماعی قبر میں پھینک رہے ہیں۔ انسانی لاشوں کے ساتھ بیلاری میں ہوئی بےحرمتی کا واقعہ ابھی تھما ہی نہیں تھا کہ شمالی کرناٹک کے ہی دو اور اضلاع یادگیر اور داونگیرے سے ایسے واقعات ایک بار پھر سامنے آ گئے۔ ضلع یادگیر میں بھی کووڈسے مرنے والے کی لاش کو پی پی ای کٹ پہنا ہوا ایک ہیلتھ ورکر گھسیٹ کر لا رہا ہے اور اسی بے دردی کے ساتھ لاش کو قبر میں ڈھکیل رہا ہے۔


ایک اور ضلع داونگیرے میں بھی انسانی اقدار کو پامال کرتا ہوا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ جس میں کورونا متوفی کو لاش کو جے سی بی میں لاد کر قبر میں پھینکا جا رہا ہے۔ لاشوں کے ساتھ کئے جانے والے اس غیر انسانی عمل سے یہاں کے لوگوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ لوگ حکومت سے ایسے صحت کارکنان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ تاہم، راحت کی بات یہ ہے کہ ان ویڈیوز کے منظر عام پر آنے کے بعد کرناٹک حکومت حرکت میں آگئی ہے۔ واقعہ میں ملوث تمام ہیلتھ ورکروں کے خلاف کارروائی کی باتیں ہو رہی ہیں۔ کچھ کے خلاف کارروائی بھی ہوئی ہے۔
First published: Jul 02, 2020 12:18 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading