ہوم » نیوز » عالمی منظر

چین کے بعد اب جنوبی کوریا میں بڑھا کورونا وائرس کا قہر، 2000 سے زیادہ لوگ متاثر

چین میں کورونا وائرس کے معاملے دھیرے۔دھیرے کم ہورہے ہیں اور جنوبی کوریا میں بڑھ رہے ہیں۔

  • Share this:
چین کے بعد اب جنوبی کوریا میں بڑھا کورونا وائرس کا قہر، 2000 سے زیادہ لوگ متاثر
علامتی تصویر

جنوبی کوریا میں جمعہ کے روز کورونا وائرس کے 256 نئے معا ملے سامنے آئے جس سے اس وائرس میں مبتلا لوگوں کی تعداد بڑھ کر 2022 ہو گئی ہے۔ کوریائی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول ایند پریونشن ( کے سی ڈی سی ) نے بتایا کہ جمعہ کے روز وائرس کے 256 نئے معاملے سامنے آئے اور مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد بڑھ کر 2022 ہو گئی ہے ۔ اس متعدی مرض سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے۔

كے سی ڈی سی روزانہ دو مرتبہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے اور شام پانچ بجے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین معلومات فراہم کرتا ہے۔نئے معاملات میں سے 182 افراد دارالحکومت سؤ ل سے 300 کلومیٹر جنوب مشرق میں ڈائے گو کے باشندے ہیں اور 49 صوبہ شمالی گیونگسانگ کے رہنے والے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی ڈائے گواور صوبہ شمالی گیونگسانگ میں کورونا وائرس کے انفیکشن میں مبتلا لوگوں کی تعداد بڑھ کر بالترتیب 1314 اور 394 ہو گئی ہے ۔ ملک میں یہ متعدی مرض بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور 19 سے 27 فروری کے درمیان تقریبا 1735 نئے معاملے سامنے آئے ہیں ۔ حکومت نے ’ریڈ‘ الرٹ جاری کر دیا ہے ۔

قابل غور ہے کہ چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2788 ہو گئی ہے اور اس سے متاثر افراد کی کل تعداد 78824 تک پہنچ گئی ہے۔ چین کی صحت کمیٹی کے مطابق ملک کے 31 صوبوں کے مختلف اسپتالوں میں اب تک اس کورونا وائرس کے 78824 کیسز سامنے آ چکےتھے جن میں سے 39919 افراداب بھی اسپتال میں داخل ہیں۔ بیماروں میں سے 7952 افرادکی حالت نازک ہے۔ وہیں مختلف اسپتالوں میں داخل 36117 افرادکے علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

صحت کمیٹی کے مطابق ہوبیئی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس مہلک وائرس سے 318 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں جن میں سے 313 ووہان شہر میں ہیں۔ ہوبیئی میں اس انفیکشن سے اب تک 41 افرادکی موت ہو چکی ہے۔

وہیں اٹلی کے محکمہ شہری دفاع کے سربراہ انجیلو بوریلی نے کہا کہ ملک کے شمالی لومباردیہ علاقہ میں تین مزید لوگوں کی موت کے بعد کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی ہے ۔ مسٹر بوریلي نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جمعرات تک انفیکشن کے 122 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد بڑھ کر 650 ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی عمر 80 سے زائد تھی۔ انہوں نے کہا کہ لومباردیہ میں اس بیماری سے 40 افراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وینیتو سب سے زیادہ متاثر ہے یہاں 37 لوگوں میں انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے ۔

First published: Feb 28, 2020 01:31 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading