ہندستان: کورونا وائرس نے توڑے سارے ریکارڈ، ایک دن میں 45,720 معاملے، 1129 اموات، کل تعداد 12لاکھ سے متجاوز
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے ریکارڈ 45 ہزار معاملے سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ لوگوں کی تعداد 12.38 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
- UNI
- Last Updated: Jul 23, 2020 12:41 PM IST

فائل فوٹو
نئی دہلی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے ریکارڈ 45 ہزار معاملے سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ لوگوں کی تعداد 12.38 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اور اس مدت کے دوران سب سے زیادہ 1129 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کی وجہ سے تعداد اموات 29861 ہوگئی ہے۔ صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا انفیکشن کے 45720 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1238635 ہوگئی اور اسی مدت کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 29861 ہوگئی۔ اس عرصے کے دوران 29557 مریض صحت مند بھی ہوئے ہیں۔ اب تک 782607 افراد کو کورونا سے راحت ملی ہے۔ ایک دن میں پہلی بار 29557 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اس وقت ملک میں کورونا انفیکشن کے 426167 فعال معاملے ہیں۔
اگر مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حالات پر نگاہ ڈالی جائے تو سب سے متاثر مہاراشٹر میں انفیکشن کے 10576 نئے معاملے درج ہوئے اور 280 افراد کی موت ہوئی ہے۔ یہاں اب متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 37 ہزار 607 ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12556 ہے جبکہ 187769 افراد انفیکشن سے نجات پاچکے ہیں۔
India's #COVID19 case tally crosses 12 lakh mark with highest single-day spike of 45,720 new cases & 1,129 deaths in the last 24 hrs
Total #COVID19 positive cases stand at 12,38,635 incl 4,26,167 active cases, 7,82,606 cured/discharged/migrated & 29,861deaths: Health Ministry pic.twitter.com/PsNwAozRT0
— ANI (@ANI) July 23, 2020
تمل ناڈو میں جو انفیکشن کے معاملے میں دوسرے نمبر پر ہے، 5849 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور 518 افراد کی موت ہوئی ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 186492 اور مرنے والوں کی تعداد 3144 ہوگئی ہے۔ ریاست کے 131583 افراد کو اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی حالت اب کچھ کنٹرول میں ہے اور یہاں انفیکشن کے معاملات میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ دارالحکومت میں کورونا سے اب تک 126323 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 3719 ہوگئی ہے۔ اب تک 107650 مریضوں کو اسپتالوں سے چھٹی دی جا چکی ہے۔ جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک، متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے۔ ریاست میں 75833 افراد اس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور اس کی وجہ سے 1519 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 27239 افراد بھی شفایاب ہوئے ہیں۔
آندھرا پردیش نے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے اس نے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں اترپردیش اور گجرات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ریاست میں 64713 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 823 ہوگئی ہے جبکہ 32127 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کورونا انفیکشن کے معاملے میں گجرات کو پیچھے چھوڑ کر چھٹے نمبر پر آگئی ہے۔ ریاست میں اب تک 55588 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وبا کی وجہ سے 1263 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 33500 مریض ٹھیک ہوئے ہیں۔