ممبئی : ممبئی میں کورونا وائرس انفیکشن کے اومیکران ویریئنٹ کے بی اے 4 سب ویریئنٹ کے تین معاملات اور بی اے 5 سب ویریئنٹ کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے اور یہ سبھی مریض بیماری سے شفایاب ہوچکے ہیں۔ مہاراشٹر کے محکمہ صحت نے پیر کو یہ جانکاری دی ۔ بی اے 4 اور بی اے 5 کورونا وائرس کے انتہائی متعدی ویریئنٹ اومیکران کے سب ویریئنٹ ہیں ۔ ملک میں اومیکران کی وجہ سے وبا کی تیسری لہر آئی تھی ۔
محکمہ صحت نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام کستوربا اسپتال کی لیباریٹری کی رپورٹ میں تین مریضوں میں بی اے 4 سب ویریئنٹ اور ایک مریض میں بی اے 5 ویریئنٹ کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان چار مریضوں میں سے دو لڑکیاں اور دو مرد ہیں۔ لڑکیوں کی عمر 11 سال اور مردوں کی عمر 40 سے 60 سال کے درمیان ہے۔ محکمہ نے کہا کہ سبھی مریضوں نے گھر میں کوارنٹائن کی مدت پوری کر لی ہے اور وہ بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا پیر کو مہاراشٹر میں کووڈ-19 کے 1,885 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ریاست میں متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر 79,12,462 ہوگئی اور ایک اور مریض کی موت کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 1,47,871 ہوگئی۔ ریاستی محکمہ صحت نے یہ اطلاع دی۔ مہاراشٹر میں اتوار کے مقابلے پیر کے روز یومیہ کیسز کی تعداد میں 36 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اتوار کو ریاست میں 2,946 لوگ متاثر پائے گئے اور دو لوگوں کی موت ہو گئی۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ ممبئی شہر میں انفیکشن کے 1,118 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 38 فیصد کم ہے۔ مہاراشٹر میں پیر کو روزانہ کیسز کی تعداد عام طور پر کم ہوتی ہے، کیونکہ ہفتے کے آخر میں نسبتاً کم نمونوں کی جانچ کی جاتی ہے۔
مہاراشٹر میں زیر علاج مریضوں کی تعداد اب 17,480 ہے، جس میں ممبئی میں سب سے زیادہ 11,331 مریض ہیں اور تھانے ضلع میں 3,233 مریض ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔