رمضان المبارک :سعودی عرب حکومت کا بڑا فیصلہ ، آج سے کرفیو میں دی جائیگی جزوی نرمی

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز ۔ فائل فوٹو

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز ۔ فائل فوٹو

سعودی عرب میں آج یعنی اتوار کے روز 26 اپریل کو رمضان کے پیش نظر کرفیو کو جزوی طور پر اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ خادم حرمین شریفین نے پورے سعودی عرب پر سے جزوی طور پر کرفیو اٹھانے کا حکم دے دیاہے۔ مکہ مکرمہ میں 24 گھنٹے کرفیو رہے گا۔

  • Share this:
    جان لیوا کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سعودی شاہ سلمان نے جزوی کرفیو نافذ کرنے کا حکم دیا تھا۔ عالمی وبا کے پیش نظر کورونا وائرس کے متعدد کیس سعودی عرب میں بھی سامنے آئے ہیں۔ سعودی عرب میں آج یعنی اتوار کے روز 26 اپریل کو رمضان کے پیش نظر کرفیو کو جزوی طور پر اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ خادم حرمین شریفین نے پورے سعودی عرب پر سے جزوی طور پر کرفیو اٹھانے کا حکم دے دیاہے۔ مکہ مکرمہ میں 24 گھنٹے کرفیو رہے گا۔ جانکاری کے مطابق سعودی حکام نے ملک میں جاری کرفیو کو جزوی طور پر ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین نے حکم دیا ہے کہ سعودی عرب میں کرفیو کو جزوی طور پر ہٹا دیا جائے۔ خبر ایجنسی کے مطابق سعودی شاہ کے حکم کا اطلاق مکہ پر نہیں ہوگا۔ مکہ مکرمہ میں مکمل کرفیو نافذ رہے گا۔
    سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے  کہا گیا ہے کہ ’وہ علاقے جنہیں مستقل طور پر سیل کر کے وہاں کے مکینوں کو آئسولیٹ کیا گیا ہے ان پر پابندی حسب سابق برقرار رہے گی۔' ’وہ علاقے یا شہرجہاں کرفیو اور لاک ڈاون 24 گھنٹے کا ہے وہاں بھی کرفیو میں نرمی کا وقفہ صبح 9 سے شام 5 تک ہو گا تاہم یہ افراد اپنے علاقے کی حدود میں رہتے ہوئے ہی ضروریات زندگی پوری کریں گے۔ لاک ڈاون والے علاقوں میں رہنے والوں کے لیے گاڑی استعمال کرتے وقت یہ  لازمی ہوگا کہ گاڑی میں ڈرائیور کے ہمراہ صرف ایک شخص ہی ہو۔'
    وہیں سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان میں کرفیو میں وقفے کے اوقات میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے جاری حکم نامے کا اطلاق 26 اپریل بروز اتوار سے ہوگا جو کہ 13 مئی تک جاری رہے گا۔ جس کے مطابق سعودی عرب کے مختلف ریجنز میں کرفیو کو جزوی طور پر اٹھا لیا جائے گا۔


    کرفیو اٹھائے جانے کے بعد تمام شہروں کے رہائشیوں کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔ خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق نئے شاہی فرمان میں مزید اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی بھی اجازت دی گئی ہے جس پر عملدرآمد 29 اپریل سے 13 مئی تک ہو گا۔
    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شاہی فرمان کے بعد سے تھوک اور ریٹیل کی دکانیں، شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز کھل سکیں گے تاہم مذکورہ تمام مراکز میں سرگرمیوں کی اجازت سماجی دوری کی شرط کے تحت ہیں جس پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تجارتی مراکز میں ایسی اقتصادی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی جہاں سماجی دوری پر عملدرآمد ممکن نہ ہو مثلا حجام کی دکانیں، بیوٹی پالرز، سپورٹس کلب، ہیلتھ کلب، سینما گھر، تفریحی مراکز، ریستوران اور قہوہ خانوں پر پاپبندی بر قرار رہے گی۔
    رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ملحقہ علاقہ جات میں مکمل طور پر کرفیو نافذ رہے گا۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں یکم رمضان سے کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا گیا اور دوپہر 12 سے روزانہ 10 گھنٹے شاپنگ مالز کھلیں گے جبکہ کرفیو رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ہوگا، تاہم لوگوں کو ہدایت بھی کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، ورنہ ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایک شخص کو دن میں 4 گھنٹے سے زائد باہر رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
    کرفیو اور لاک ڈاون کا سلسلہ کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھنے اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کےلیے جاری ہے، اس ضمن میں یہ ہر ایک  فرض ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے پابندیوں کا خیال رکھے جو سب کے مفاد میں ہے۔‘ خاص طور پر سوشل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھنا لازمی ہے۔
    یاد رہے سعودی عرب کے 9 شہروں میں 24 گھنٹے کا لاک ڈاون اور کرفیو نافذ کیا گیا ہے جبکہ مکہ ، مدینہ، جدہ اور دیگر شہروں کے متعدد علاقوں کو مکمل طور پر آئسولیٹ کرتے ہوئے وہاں کے شہریوں کو گھروں سے نکلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
    Published by:sana Naeem
    First published: