کورونا وائرس: شعیب اختر نے ہندوستان سے مانگی مدد، کہا- ہمارے لئے یہ کام کر دیا تو پاکستان ہمیشہ یاد رکھے گا
پاکستان کے سابق تیز گیندباز شعیب اختر نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہندوستان سے مدد مانگی ہے۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Apr 09, 2020 03:49 PM IST

شعیب اختر
نئی دہلی۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کا قہر تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اب تک دنیا میں اس مہلک وبائی بیماری کی وجہ سے 88 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہندوستان سمیت پاکستان کی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے۔ ایسی صورتحال میں پاکستان کے سابق تیز گیندباز شعیب اختر نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہندوستان سے مدد مانگی ہے۔ بتادیں کہ ہندوستان میں لگ بھگ 6 ہزار افراد کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 160 سے زیادہ افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
10 ہزار وینٹی لیٹر
راولپنڈی ایکسپریس نام سے مشہور پاکستانی گیندباز شعیب اختر (Shoaib Akhtar) نے ہندوستان سے مدد کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لئے 10،000 وینٹی لیٹر فراہم کرا دے گا تو پاکستان (Pakistan) اس مدد کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ صرف یہی نہیں ، شعیب اختر نے ہندوستان اور پاکستان کے مابین تین میچوں کی سیریز کی تجویز بھی پیش کی۔
ہندوستان۔ پاکستان کے بیچ کرکٹ سیریز
شعیب اختر پچھلے کچھ عرصہ سے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعہ دنیا کے سامنے اپنی رائے پیش کررہے ہیں اور اس دوران وہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات کی وکالت کرتے رہے ہیں۔ صرف یہی نہیں ، شعیب اختر خود بھی فلاحی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔