ہوم » نیوز » وسطی ہندوستان

کورونا وبا بحران کے درمیان Eid ul Fitr کی نماز ادا کرنے کیلئے علما نے جاری کیں ہدایات

علمائے دین نے اپنی میٹنگ میں مشورہ کے بعد مذہبی مقامات کو لیکر حکومت کے ذریعہ جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق مساجد میں محدود تعداد میں نماز ادا کرنے اور باقی لوگوں سے گھروں میں نماز ادا کرنے کی اپیل کی۔

  • Share this:
کورونا وبا بحران کے درمیان  Eid ul Fitr کی نماز ادا کرنے کیلئے علما نے جاری کیں ہدایات
کورونا وبا کے سبب پہلے کی طرح عید گاہ اور مساجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی نہیں جا سکتی ہے ۔

رحمتوں ،برکتوں اور گناہوں سے نجات کا مہینہ مبارک مہینہ ماہ رمضان ہم سے رخصت ہونے کو ہے ۔ کورونا قہرمیں ہرشہر میں نہ صرف عید بازار کی رونقیں معدوم ہوگئی ہیں بلکہ عید کی نماز بھی کورونا کے سائے میں ہی اداکی جائے گی۔ مدھیہ پردیش میں کورونا کے بڑھتے قہر کے بیچ عید کی نماز کی ادائیگی کو لیکر جب روزہ داروں میں تشویش زیادہ دکھائی دی تو بھوپال مساجد کمیٹی کے زیر اہتمام علمائے دین کی میٹنگ کا انعقاد کیاگیا۔ علمائے دین نے اپنی میٹنگ میں مشورہ کے بعد مذہبی مقامات کو لیکر حکومت کے ذریعہ جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق مساجد میں محدود تعداد میں نماز ادا کرنے اور باقی لوگوں سے گھروں میں نماز ادا کرنے کی اپیل کی۔

بھوپال شہر قاضی سید مشتاق علی ندوی کہتے ہیں کہ یہ سبھی جانتے ہیں کہ کورونا نے پوری دنیا کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔ ایسے میں پہلے کی طرح عید گاہ اور مساجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی نہیں جا سکتی ہے ۔ سبھی لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ مذہبی مقامات کو لیکر حکومت کی جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق مساجد میں نماز ادا کریں اور باقی لوگ اپنے گھرکے افرادکے ساتھ گھر میں صبح سوا چھ بجے کے بعد عید کی نماز ادا کرلیں اورجولوگ عید کی نماز نہ پڑھ سکیں وہ اپنے اپنے گھروں میں دو رکعت یا چار رکعت نماز چاشت پڑھیں اور صدق دل سے توبہ کریں ۔ حالات حاضرہ کی درستگی کے لئے بھی توبہ کریں اور یہ بھی دعا کریں کہ اللہ اس وبا سے ساری انسانیت کو نجات فرمائے۔


شہر قاضی نے عیدالفطر کی نماز کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا کہ نماز عید الفطر کے بعد خطبہ مختصر طریقہ پر دیکھ کر بھی پڑھا جا سکتا ہے ۔اگر خطبہ نہ ملے تو خطبہ چھوڑا بھی جا سکتا ہے ۔ایک ضروری بات لوگوں سے یہ بھی کہنا ہے کہ عید کے دن اپنے گھروالوں کے ساتھ خوشیاں منائیں ۔عید کے دن مصافحہ اور معانقہ کرنے سے بچیں اور کورونا کی وبائی بیماری کے خاتمہ کے لئے سوشل ڈسٹنس کا خیال رکھیں۔

مدھیہ پردیش میں آج عید کا چاند دیکھا جائے گا ۔اگر چاند نظر آتا ہے تو کل یعنی تیرہ مئی کو عید ہوگی اگر چاند کی رویت نہیں ہوتی ہے تو چودہ مئی کو عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی۔ مدھیہ پردیش میں داؤدی بوہرہ سماج نے عید الفطر کی نماز ادا کر لی ہے ۔

Published by: Sana Naeem
First published: May 12, 2021 10:19 PM IST