ایم ایس دھونی اب نہیں کھیلیں گے آئی پی ایل ؟ فائنل میں شکست کے بعد اس بیان سے گہرایا تذبذب

آئی پی ایل 2019 کے فائنل میں ممبئی انڈینس سے ایک رن سے شکست کے بعد چنئی سپرکنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا ایک بیان کافی سرخیاں بٹور رہا ہے ۔

May 13, 2019 09:14 PM IST | Updated on: May 13, 2019 09:15 PM IST
ایم ایس دھونی اب نہیں کھیلیں گے آئی پی ایل ؟ فائنل میں شکست کے بعد اس بیان سے گہرایا تذبذب

ایم ایس دھونی ۔ فوٹو : سی ایس کے ٹویٹر۔

آئی پی ایل 2019 کے فائنل میں ممبئی انڈینس سے ایک رن سے شکست کے بعد چنئی سپرکنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا ایک بیان کافی سرخیاں بٹور رہا ہے ۔ فائنل کے بعد دھونی نے پوسٹ پرزنٹیشن میں اپنے مستقبل کے بارے میں بات کی اور اس دوران ان کے ایک بیان نے قیاس آرائی کا بازار گرم کردیا۔ سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے دھونی سے پوچھا تھا کہ کیا وہ اگلے آئی پی ایل سیزن میں نظر آئیں گے ؟ اس پر دھونی نے کہا کہ ہاں ، ایسی امید کرتا ہوں ۔ دھونی کے اس جواب نے آئی پی ایل میں ان کے مستقبل کو لے کر تذبذب کی صورتحال پیدا کردی ہے۔

چنئی سپرکنگس کے کپتان دھونی نے کہا کہ ابھی اگلے سال کے بارے میں کچھ کہنا غلط ہوگا ، اگلا ٹورنامٹ ورلڈ کپ ہے جو پہلی ترجیح ہے ۔ اس کے بعد ہم چنئی سپرکنگس کے بارے میں بات کریں گے ، امید ہے کہ اگلے سال ملیں  گے۔

منجریکر نے بعد میں ٹویٹ کرکے بتایا تھا کہ میچ کے بعد بات کرتے وقت دھونی کافی ٹوٹے ہوئے نظر آرہے تھے ۔ انہوں نے لکھا کہ میچ کے بعد بات کرتے وقت میرا دل دھونی کیلئے رو رہا تھا ۔ ایسا لگ رہا تھا کہ ان کا دل ٹوٹ چکا ہے ۔ انہیں اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا۔

Loading...

آئی پی ایل میں آٹھ مرتبہ فائنل میں چنئی کو پہنچانے والے دھونی اس سیزن میں ٹیم کے کھیل سے مطمئن نظر نہیں آئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیزن اچھا رہا ، لیکن ہمیں اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا ہوگا ۔ ہم نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔ مڈل آرڈر چلا ہی نہیں ، لیکن ہم جیسے تیسے یہاں تک پہنچ گئے ۔ ہمارے گیند بازوں کی کارکردگی کافی اچھی رہی ۔ گیند بازوں نے ہمیں دوڑ میں بنائے رکھا ۔ بلے بازی میں ہر میچ میں کوئی ایک چل گیا اور ہم جیت گئے ۔ اگلے سال لگاتار اچھا کھیلنے کیلئے ہمیں کافی محنت کرنی ہوگی۔

ایم ایس دھونی کے آخری مرتبہ آئی پی ایل کھیلنے کی بات اس لئے بھی سرخیاں بٹور رہی ہیں کیونکہ ان کے ساتھی سریش رینا نے گزشتہ دنوں ایسا ہی ایک بیان دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگلے سال وہ چنئی کے کپتان کے طور پرزیادہ نظر آسکتے ہیں ۔ رینا نے بتایا تھا کہ گزشتہ دو سالوں میں انہوں ( دھونی ) نے بلے باز اور ٹیم مینٹور کے طور پر کافی اچھا کام کیا ہے ، اس لئے ہوسکتا ہے کہ اگلے سال آپ مجھے کپتان کے طور پر زیادہ دیکھیں۔

رینا کا یہ بیان دھونی کے آئی پی ایل مستقبل کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ اس کے بعد ایسی قیاس آرائی تیز ہوگئی تھی کہ اگلے سیزن میں دھونی سرگرم کھلاڑی کے طور پر شاید ہی نظر آئیں۔

Loading...