بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان ، شہباز ندیم کو نہیں ملی جگہ

بی سی سی آئی نے اگلے ماہ بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں اور ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان کردیا ہے ۔

Oct 24, 2019 08:45 PM IST | Updated on: Oct 24, 2019 08:45 PM IST
بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان ، شہباز ندیم کو نہیں ملی جگہ

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان ، شہباز ندیم کو نہیں ملی جگہ

بی سی سی آئی نے اگلے ماہ بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں اور ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان کردیا ہے ۔ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی وراٹ کوہلی کے ہاتھوں میں ہوگی ، جنہیں ٹی 20 سیریز کیلئے آرام دیا گیا ہے ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے ۔ آخری ٹیسٹ میں ٹیم میں شامل کئے گئے جھارکھنڈ کے شہباز ندیم کی جگہ کلدیپ یادو کو موقع دیا گیا ہے ۔

ٹی 20 کی ٹیم میں جہاں وراٹ کوہلی کو آرام دیا گیا ہے وہیں کئی نئے چہروں کو بھی جگہ دی گئی ہے ۔ ٹی 20 ٹیم کی کپتانی روہت شرما کریں گے ۔ نئے چہروں میں سنجو سیمسن ، شردل ٹھاکر اور شیوم دوبے کے نام شامل ہیں ۔ دوبے پہلی مرتبہ ٹیم انڈیا میں شامل کئے گئے ہیں ۔ ان کی شناخت طوفانی بلے باز کے طور پر ہے ۔ ممبئی کے اس کھلاڑی نے گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

ٹی 20 سیریز کا آغاز تین نومبر کو دہلی میں ہوگا ۔ دوسرا میچ راج کوٹ میں سات نومبر اور تیسرا میچ ناگپور میں 10 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے بعد ہندوستان کو بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں ۔ پہلا ٹیسٹ میچ 14 نومبر سے 18 نومبر تک اندور میں کھیلا جائے گا وہیں دوسرا ٹیسٹ میچ کولکاتہ میں 22 سے 26 نومبر کے درمیان کھیلا جائے گا ۔

خیال رہے کہ چائنامین گیند باز کلدیپ یادو کندھے میں درد کی وجہ سے رانچی ٹیسٹ میچ سے پہلے ٹیم سے باہر ہوگئے تھے ۔ اس کے بعد جھارکھنڈ کے شہباز ندیم کو ٹیم میں موقع دیا گیا ۔ حالانکہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلدیپ کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ ندیم نے رانچی ٹیسٹ میں چار وکٹ لئے تھے ، جس کے بعد کوچ روی شاستری نے جم کر ان کی تعریف کی تھی ۔

Loading...