ٹیم انڈیا کے سابق کپتان اظہر الدین کو حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن میں ملی یہ بڑی ذمہ داری ، کریں گے ایسا کام

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے عہدہ کیلئے منتخب ہوگئے ہیں ۔

Sep 27, 2019 05:46 PM IST | Updated on: Sep 27, 2019 05:46 PM IST
ٹیم انڈیا کے سابق کپتان اظہر الدین کو حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن میں ملی یہ بڑی ذمہ داری ، کریں گے ایسا کام

ٹیم انڈیا کے سابق کپتان اظہر الدین کو حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن میں ملی یہ بڑی ذمہ داری

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے صدر کے عہدہ کیلئے منتخب ہوگئے ہیں ۔ شہر کے علاقہ اُپل میں واقع راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج صبح ایسوسی ایشن کے انتخابات منعقد ہوئے اور نتائج کا اعلان شام پانچ بجے کیا گیا ۔ ان انتخابات میں 227 ارکان کے منجملہ 223 ارکان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

الیکشن میں تین پینلس نے حصہ لیا تھا ، جس کے نتیجہ میں یہ مقابلہ دلچسپ سمجھا جارہا تھا ۔ تاہم اظہر الدین کے پینل کی کامیابی یقینی مانی جارہی تھی ۔ نامزدگی کے بعد سابق صدر ایسوسی ایشن وویک کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیا گیا تھا ، جس کے نتیجہ میں اظہر گروپ کی کامیابی یقینی مانی جارہی تھی ۔ رائے شماری کے بعد کئے گئے نتائج کے اعلان میں اظہر الدین کو 173 ووٹ ملے ، جبکہ ان کے حریف پرکاش چند جین کو صرف 73 ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ دلیپ کو صرف تین ووٹ ملے ۔ یہ انتخابات الکٹورل آفیسر وی ایس سمپت سابق چیف الکشن کمشنر کی نگرانی میں منعقد کئے گئے تھے۔

Loading...

واضح رہے کہ اظہر الدین نے تقریبا 16 سالوں تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی ہے اور تقریبا 10 سال تک قومی ٹیم کی قیادت کی ۔ ان کا شمار ٹیم انڈیا کے کامیاب کپتانوں میں کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے تین ورلڈ کپ مقابلوں میں قیادت کی تھی ۔

انہوں نے 1984میں اپنے کیرئیر کا آغاز کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف پہلے ہی تین ٹسٹوں میں لگاتار تین سنچریاں بنا کر ایک شاندار ریکارڈ قائم کیا تھا ، جو آج تک برقرار ہے۔ 2000 میں میچ فکسنگ کے الزامات عائد کئے جانے کے بعد وہ کرکٹ سرگرمیوں سے کنارہ کش ہوگئے تھے۔ سال 2010 میں اے پی ہائی کورٹ نے فیصلہ دیتے ہوئے اظہر اور بی سی سی آئی سے کہا تھا کہ چونکہ سابق کپتان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے ، لہذا اس معاملہ کو باہمی طور پر حل کرلیا جائے ۔ اظہر الدین نے بعد ازاں سیاسی میدان میں بھی قدم رکھا اور 2009 میں مراد آباد سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔

Loading...