ایان مورگن کے ورلڈ ریکارڈ چھکوں کی بدولت انگلینڈ نےافغانستان کودی شکست

افغانستان کے خلاف ہمالیائی اسکوربنانے کے بعد بڑی جیت حاصل کرکے انگلینڈ کرکٹ ٹیم ٹاپ پرپہنچ گئی ہے۔

Jun 18, 2019 11:51 PM IST | Updated on: Jun 18, 2019 11:53 PM IST
ایان مورگن کے ورلڈ ریکارڈ چھکوں کی بدولت انگلینڈ نےافغانستان کودی شکست

ایان مورگن کی شانداراننگ کی بدولت انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف بڑی جیت درج کی ہے۔

مانچسٹر:  کپتان ایان مورگن کے ریکارڈ 17 چھکوں سے آراستہ 148 رنوں کی بہترین اننگ کی بدولت دنیا کی نمبرایک ٹیم انگلینڈ نے افغانستان کو آئی سی سی ورلڈ کپ میچ میں منگل کے روز 150 رن سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں سرفرہست مقام حاصل کر لیا۔ انگلینڈ نے اس میچ میں ریکارڈ توڑکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 اوورمیں 6  وکٹ پر 397 رن کا اس ورلڈ کپ کا اپنا بہترین اسکوربنا لیا۔

انگلینڈ کے پہاڑجیسے اسکور نےافغانستان کے ہدف کا تعاقب کرنے سے پہلے ہی کمرتوڑ دی اورافغان ٹیم 50 اوورکھیل کر8  وکٹ پر247 رن ہی بنا سکی۔ انگلینڈ کی پانچ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے اوروہ 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں ٹاپ مقام پرپہنچ گیا ہے جبکہ افغانستان کی مسلسل پانچویں شکست کے بعد امیدیں تقریباً ختم ہوچکی ہیں۔

پلیئرآف دی میچ بنے ایان مورگن نےعالمی کپ کی تاریخ کی چوتھی سب سے تیزسنچری بنائی۔ ساتھ ہی اپنا بہترین انفرادی بہترین اسکور بنایا۔ انہوں نے محض 71 گیندوں میں چار چوکے اور ریکارڈ 17 چھکےلگاتے ہوئے 148 رن بنائے۔ سلامی بلے بازجانی بيرسٹو نے 99 گیندوں پر90 رن میں 8  چوکےاورتین چھکے لگائے جبکہ جوروٹ نے 82 گیندوں پر 88 رن میں پانچ چوکےاورایک چھکا لگایا۔  اوپنر جیمز ونس نے 31 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 26 رن بنائے۔ معین علی نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے صرف 9 گیندوں پرایک چوکا اورچارچھکے لگا کر ناٹ آؤٹ 31 رن بنائے۔

Loading...

انگلینڈ کے 397 رن اس عالمی کپ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ انگلینڈ نے اس ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف کارڈف میں 386 رن بنائے تھےاوراس نے اس اسکورکو پیچھے چھوڑ دیا۔ انگلینڈ کے397 رن ون ڈے میں مشترکہ طورسے 25 واں سب سے زیادہ ا سکور ہے۔ دن کا کھیل مکمل طور انگلینڈ کے کپتان مورگن کے نام رہا جنہوں نے اپنے آتشی سنچری سے شائقین کو ان کے ٹکٹ کی رقم وصول کرا دی۔ اگرچہ میچ سے پہلے مورگن کے کھیلنے کے متعلق شک تھا، لیکن وہ میدان میں اترے، ٹیم کی کمان سنبھالی، ٹاس جیتا اورپہلے بلے بازی کی اورپھراپنا ذاتی بہترین اسکور بنا ڈالا۔

ایان مورگن نے اپنی سنچری صرف 57 گیندوں میں مکمل کی جس میں تین چوکے اور 11 چھکے شامل تھے۔ ان کے 50 رن 36 گیندوں میں بنے تھے جبکہ اگلے 50 رن کے لئے انہوں نے صرف 21 گیندیں کھیلیں۔ یہ ان کی 13 ویں ون ڈے سنچری تھی۔ اس سے پہلے مورگن کا بہترین اسکور ناٹ آؤٹ 124 رنز تھا جسے انہوں نے کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

Loading...