کرکٹ عالمی کپ 2019: آئی سی سی کا ’بھاری بھرکم ‘ بیلز کو تبدیل کرنے سے انکار

اب تک 5 سے زائد مرتبہ گیند اسٹمپس پر لگنے کے باوجود بیلز نہ گرنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے بالنگ ٹیم کو اہم مواقع پر شدید مایوسی کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

Jun 12, 2019 01:04 PM IST | Updated on: Jun 12, 2019 01:05 PM IST
کرکٹ عالمی کپ 2019: آئی سی سی کا ’بھاری بھرکم ‘ بیلز کو تبدیل کرنے سے انکار

آئی سی سی کا ’بھاری بھرکم ‘ بیلز کو تبدیل کرنے سے انکار: فوٹو اے پی۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے ’ہیوی ویٹ بیلز‘ کو تبدیل کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔ ورلڈ کپ میں بھاری بھرکم بیلز کی وجہ سے تنازع جنم لینے لگا ہے، اب تک 5 سے زائد مرتبہ گیند اسٹمپس پر لگنے کے باوجود بیلز نہ گرنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے بالنگ ٹیم کو اہم مواقع پر شدید مایوسی کا بھی سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے میگا ایونٹ میں شریک اسٹار پلیئرز نے بھی آئی سی سی سے اس مسئلہ کا حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسے نظر انداز کرتے ہوئے بیلز میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کا امکان رد کردیا ہے۔

اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ڈیوڈ وارنر ان سائیڈ ایج کے باوجود بیلز نہ گرنے کی وجہ سے میدان بدر ہونے سے محفوظ رہے تھے۔ جس پر ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی نے بھی اس کو غیرمنصفانہ قرار دیا تھا۔

میگا ایونٹ میں زنگ بیلز استعمال ہو رہی ہیں جن میں ایل ای ڈی لائٹس فکس ہیں جوکہ گیند وکٹ پر ہٹ کرنے کی صورت میں جگمگانے لگتی ہیں۔ کوہلی کے علاوہ آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ بھی ان بیلز پر سوال اٹھا چکے ہیں جبکہ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان اور ناصر حسین نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اس تنازع سے ٹورنامنٹ کی خوبصورتی بھی ماند پڑ سکتی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اس بارے میں کہنا ہے کہ گذشتہ 4 برس سے اسٹمپس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ یہی اسٹمپس 2015 کے ورلڈ کپ سے نہ صرف تمام آئی سی سی ایونٹس بلکہ کئی ڈومیسٹک ایونٹس میں بھی استعمال ہورہے ہیں۔ اب تک یہ ایک ہزار سے زائد میچز میں استعمال ہوچکی ہیں۔ یہ معاملہ ہمیشہ ہی گیم کا حصہ رہا ہے اور اسے قبول کرنا چاہیے، آپ کو بیٹسمین کا قلعہ ڈھانے کیلئے کچھ قوت صرف کرنے کی ضرورت ہے۔

Loading...

Loading...