روہت شرما کی ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ -10 میں چھلانگ، محمد شمی اورامیش یادو کو بھی ملا فائدہ

رانچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف عمدہ کارکردگی کی بدولت روہت شرما براہ راست 44 ویں مقام سےاٹھ کر 10 ویں رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔

Oct 23, 2019 11:22 PM IST | Updated on: Oct 23, 2019 11:22 PM IST
روہت شرما کی ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ -10 میں چھلانگ، محمد شمی اورامیش یادو کو بھی ملا فائدہ

آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں روہت شرما کو زبردست فائدہ

دبئی:  ہندوستانی سلامی بلے بازروہت شرما بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی آج جاری تازہ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں چوٹی کے 10 میں پہنچ گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹوں کے ٹاپ -10 میں پہنچنے والے ہندوستانی کھلاڑیوں کے ایلیٹ پینل میں بھی شامل ہو گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-3 سے ملی کلین سوئپ میں اہم کردار ادا کرنے والے مین آف دی سیریز روہت شرما نے بلے بازی کی درجہ بندی میں چھلانگ لگاتے ہوئے چوٹی کے 10 میں جگہ بنا لی ہے۔ انہوں نے سیریز کے آخری رانچی ٹیسٹ میں 212 رنز کی ڈبل سنچری اننگز کھیل کر کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

ٹسٹ سیریز میں پہلی بار اوپننگ کرنے اترے روہت  شرما نے کل 529 رن بنائے تھے، جس میں ان کی تین سنچریاں شامل ہیں۔ رانچی میں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت وہ براہ راست 44 ویں مقام سے اٹھ کر 10 ویں رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں، ان کے 722 پوائنٹس ہیں۔ رانچی میں سنچری بنانے والے اجنکیا رہانے کو بھی درجہ بندی میں فائدہ ملا ہے جو پانچویں رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔ان کے 751 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ بلے بازی کی درجہ بندی میں ہندوستان کے چار کھلاڑی ہیں جس میں کپتان وراٹ کوہلی اپنے دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، ان کے 926 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ چتیشور پجارا (795 پوائنٹس) چوتھے نمبر پر ہیں۔

روہت نے ٹیسٹ میں ٹاپ -10 میں جگہ بنانے کے ساتھ ساتھ خود کا نام ان ایلیٹ ہندوستانی بلے بازوں کی فہرست میں درج کرا لیا ہے جنہوں نے تینوں فارمیٹس میں چوٹی کے -10 میں جگہ بنائی ہے۔

Loading...

موجودہ کپتان وراٹ کوہلی اور سابق کرکٹر گوتم گمبھیرکے بعد اب روہت شرما یہ کامیابی حاصل کرنے والے تیسرے ہندوستانی بلے باز ہیں۔ ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ کے ماہر روہت ون ڈے رینکنگ میں اب دوسری اور ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر ہیں جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ہے۔

وراٹ کوہلی تینوں فارمیٹوں میں نمبر ون بلے باز رہ چکے ہیں جبکہ سابق کھلاڑی اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر ٹیسٹ اور ٹوئنٹی 20 میں نمبر ون اور ون ڈے میں آٹھویں نمبر پر رہ چکے ہیں۔ رانچی ٹیسٹ میں 116 رنز کی سنچری اننگز کھیلنے والے رہانے دوبارہ اپنے کیریئر کی بہترین پانچویں رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔ آخری بار وہ نومبر 2016 میں پانچویں نمبر پر رہے تھے۔ مینک اگروال 18 ویں نمبر پر ہیں جس کے ساتھ چوٹی کے -20 بلے بازوں میں ہندوستان کے پانچ کھلاڑیوں نے جگہ بنائی ہے۔

گیند بازوں میں شاندار کارکردگی کرنے والے تیزگیندباز محمد سمیع اور امیش یادو نے بھی کیریئر کی بہترین درجہ بندی حاصل کر لی ہے۔ سمیع 751 پوائنٹس کے ساتھ 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ مارچ 2018 میں وہ 14 ویں نمبر پر تھے جو ان کے کیریئر کی بہترین درجہ بندی ہے جبکہ یادو کے 624 ریٹنگ پوائنٹس ہیں اور 24 ویں نمبر پر ہیں۔ جولائی 2016 میں وہ اپنی بہترین 21 ویں رینکنگ پر تھے۔

Loading...