توانگ میں چٹان گرنے سے 15 مزدوروں کی موت ، راجناتھ کی وزیر اعلی سے بات چیت ، پی ایم مودی اور سونیا کا اظہا ررنج و غم

ایٹانگر : اروناچل پردیش کے توانگ ضلع میں بومندر کے نزدیک آج صبح چٹان گرنے سے 16 مزدور ہلاک اور ایک سنگین طور سے زخمی ہوگیا۔

Apr 22, 2016 01:36 PM IST | Updated on: Apr 22, 2016 03:30 PM IST
توانگ میں چٹان گرنے سے 15 مزدوروں کی موت ، راجناتھ کی وزیر اعلی سے بات چیت ، پی ایم مودی اور سونیا کا اظہا ررنج و غم

ایٹانگر : اروناچل پردیش کے توانگ ضلع میں بومندر کے نزدیک آج صبح چٹان گرنے سے 16 مزدور ہلاک اور ایک سنگین طور سے زخمی ہوگیا۔ تلاش اور بچاؤ کام کی نگرانی کرنے والے توانگ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے ٹیلی فون پر بتایا ہے کہ یہ حادثہ علی الصبح ہو ا جب پہاڑ کا ایک بڑا حصہ مزدوروں کے خیمہ پر گرگیا۔

انہوں نے بتا یا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب تمام مزدور گہری نیند سورہے تھے۔ یہ سبھی آسام کے رہنے والے تھے اور ایک عمارت کی تعمیر میں مزدوری کرنے یہاں آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ اب تک موقع سے 15 لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں اور تلاشی مہم چلائی جارہی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ ایک شخص کو ملبہ سے نکال کر نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اروناچل پردیش کے توانگ میں تودے گرنے کے حادثے کے بعد وہاں کے وزیر اعلی كلیكھو پل سے بات کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور انہیں مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ مسٹر كلیكھو پل نے فون پر بات چیت میں وزیر داخلہ کو تودے گرنے کے حادثے کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ مسٹر سنگھ نے انہیں بتایا کہ راحت اور بچاؤ کام کے لئے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے حادثہ پر بھیجی جا رہی ہیں۔

مسٹر سنگھ نے وزیر اعلی سے ریاست میں سیلاب سے پیدا صورتحال کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور ان کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ واضح ر ہے کہ مسٹر سنگھ کی صدارت میں آج یہاں ہوئی اعلی سطحی میٹنگ میں اروناچل پردیش کے لئے 84.33 کروڑ روپے کی رقم جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Loading...

ادھر وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر سونیا گاندھی نے توانگ حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے اروناچل پردیش کے توانگ میں تودہ گرنے اور زمین کھسکنے سے لوگوں کی موت پر گہرے افسوس کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بیان جاری کر کے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریلیف اور ریسکیو مہم تیزی سے چلائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے جان مال کے مزید نقصان کو بچایا جا سکے گا۔ انہوں نے ریاست کے کانگریس ارکان اسمبلی اور پارٹی کارکنوں سے امداد اور ریسکیو آپریشن میں مدد کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو کہا۔

Loading...