بہار شریف: نالندہ کی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ، پانچ افراد کی موت، 18زخمی

بہار شریف۔ بہار کے ضلع نالندہ میں سوہسرائے تھانہ علاقہ کے خاص گنج محلہ میں غیر قانونی طریقہ سے چل رہی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ ہوجانے سے پانچ لوگوں کی موت اور 18دیگر زخمی ہوگئے۔

Mar 23, 2018 09:43 AM IST | Updated on: Mar 23, 2018 09:52 AM IST
بہار شریف: نالندہ کی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ، پانچ افراد کی موت، 18زخمی

تصویر: نیوز 18

بہار شریف۔ بہار کے ضلع نالندہ میں سوہسرائے تھانہ علاقہ کے خاص گنج محلہ میں غیر قانونی طریقہ سے چل رہی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ ہوجانے سے پانچ لوگوں کی موت اور 18دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھیر کمار پوریکا نے آج یہاں بتایا کہ خاص گنج محلہ کے ایک مکان میں غیرقانونی طریقہ سے چل رہی پٹاخہ فیکٹری میں کل دیر رات اچانک دھماکہ ہوجانے سے پانچ افرا دکی موت اور 18دیگر زخمی ہوگئے۔ اس مکان میں محمد سرفراز نامی شخص کرایہ پر رہتا ہے۔

 پوریکا نے بتایا کہ اس واقعہ میں منا پنڈت، سرفراز کی بیٹی سمیرا (ایک مہینہ)، فاطمہ (تین سال)، بیٹا سرتاج اور اس کی بہن شائستہ کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں بہتر علاج کے لئے پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال (پی ایم سی ایچ) بھیج دیا گیا ہے جبکہ 14دیگر زخمیوں کو بہار شریف صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

انتظامیہ تمام زخمیوں کے علاج پر نظررکھ رہی ہے۔ ان کے علاج کے لئے تمام طرح کی سہولیات دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔ دھماکہ کے بعد انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) کی آٹھ رکنی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور جانچ کے لئے موقع سے کئی اہم نمونے اپنے ساتھ لے گئی۔غیرقانونی طریقہ سے پٹاخہ فیکٹری چلانے اور دھماکہ کے معاملہ میں محمد سرفراز کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ وہیں سوہسرائے تھانہ کے ایس ایچ او کو فوری اثرات سے معطل کردیا گیا ہے۔ معاملہ کی تفتیش کے لئے تین رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں ایڈیشنل کلکٹر ، سرکل افسر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں۔

جائے حادثہ پر پہنچے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راج ایس ایم نے میونسپل کمشنر بہار شریف کو ہدایت دی ہے کہ تین دنوں کے اندر شہر میں تمام غیرقانونی طریقہ سے چل رہی دکانوں اور پٹاخہ بنانے والوں کی تفتیش کرکے ایک رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی غیرقانونی سرگرمیوں میں شامل لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Loading...

Loading...