مودی حکومت میں مہنگائی عروج پر،عوام کا جینا محال: کوکب قادری

کوکب قادری نے یہاں کہا کہ مرکزکی نریندرمودی حکومت کی چار برس کی مدت کار میں مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے اور عام لوگوں کی زندگی بدحال ہے۔

Jul 16, 2018 08:07 PM IST | Updated on: Jul 16, 2018 08:08 PM IST
مودی حکومت میں مہنگائی عروج پر،عوام کا جینا محال: کوکب قادری

کانگریس بہار انچارج کوکب قادری: فائل فوٹو

پٹنہ: بہار کانگریس کے انچارج صدرکوکب قادری نے نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات امرتیہ سین کے بیان کہ 2014 کے بعد ملک کی معیشت نے پیچھے کی طرف چھلانگ لگائی ہے، پر نیتی آیوگ کے نا ئب صد رراجیو کمار کے تبصرہ کی سخت تنقید کرتے ہوئے آج کہاکہ ایسا کرکے راجیو کمار آسمان چھوتی مہنگائی کی مارجھیل رہے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

کوکب قادری نے یہاں کہا کہ مرکزکی نریندرمودی حکومت کی چار برس کی مدت کار میں مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے اور عام لوگوں کی زندگی بدحال ہے۔ ایسے میں دنیا کے معروف ماہر معیشت امرتیہ سین کے بیان پر مرکزی حکومت کے ایک ا دنیٰ ملازم کے ذریعہ سوال اٹھانا ملک کےعوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔

انچارج صدر نے کہا کہ ملک کے غیرملکی ذخائر میں مسلسل چوتھے ہفتہ گراوٹ درج کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2014میں ملک پر غیرملکی قرض کا بوجھ 440.6ارب ڈالر تھا جو 2018میں بڑھ کر 513.6ارب ڈالر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2014میں ایک ڈالر کی قدر 59روپئے تھی جو 2018میں بڑھ کر 69.9روپے ہوگئی ہے۔

Loading...

کوکب قادری نے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2014 کے مقابلہ میں 2018میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ 2014میں  400 روپئے میں فروخت ہونے والے رسوئی گیس سلنڈرکی قیمت 2018میں دوگنا بڑھ کر 800 روپئے فی سلنڈر پر پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ نیتی آیوگ کے نائب صدرراجیو کمارنےکل کہا تھا کہ میری خواہش ہے کہ ماہر معیشت امرتیہ سین ہندستان میں کچھ وقت گزاریں اور دیکھیں کہ حقیقت میں زمینی سطح پرصورتحال کیسی ہے اور اس طرح کا بیان دینے سے پہلے مودی حکومت کے ذریعہ گزشتہ چار برسوں میں کئے گئے کام کاج کا جائزہ لیں۔

راجیو کمار نے کہا کہ وہ اصل میں انہیں چیلنج دینا چاہیں گے کہ وہ کوئی ایسے چار برس بتائیں، جن میں ملک کو صاف ستھرا، شمولیتی اور بہتر معیشت بنانے کیلئے اتنے سارے کام کئے گئے ہوں۔ انہوں نے کہاکہ جو ساختی اصلاحات ہوئی ہیں ان میں یقینی بنایا گیا ہے کہ آخری لائن میں کھڑے شخص تک اس کا فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ چیزیں امرتیہ سین کو نظر نہیں آرہی ہیں، تو انہیں یقیناََ کچھ وقت ہندستان میں گزارنا چاہئے۔

Loading...