کولکاتہ میں آج ممتا بنرجی کی قیادت میں اپوزیشن کی مہا ریلی، بی جے پی کے خلاف پھونکیں گے بگل

ترنمول کے عوامی جلسے کا مقصد لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اقتدار سے بے دخل کرنا،وزیراعظم نریندر مودی کو ہٹانا اور اپوزیشن کو متحد کرنا ہے

Jan 19, 2019 10:27 AM IST | Updated on: Jan 19, 2019 10:27 AM IST
کولکاتہ میں آج ممتا بنرجی کی قیادت میں اپوزیشن کی مہا ریلی، بی جے پی کے خلاف پھونکیں گے بگل

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی: فوٹو۔ پی ٹی آئی۔

ترنمول کانگریس کی ہفتے کو کولکاتہ میں ہونے والی زبردست ریلی میں 12سیاسی پارٹیوں کے لیڈر حصہ لیں گے۔ ترنمول کے عوامی جلسے کا مقصد لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اقتدار سے بے دخل کرنا،وزیراعظم نریندر مودی کو ہٹانا اور اپوزیشن کو متحد کرنا ہے۔ اس زبردست ریلی میں بائیں بازو کی پارٹیوں کو دعوت نہیں دی گئی ہے۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی قیادت میں ہونے والی اس ریلی میں یشونت سنہا، ارون شوری، شتروگھن سنہا، ہاردک پٹیل،جگنیش میوانی وغیرہ لیڈروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ترنمول کانگریس کے ذرائع کے مطابق اس ریلی میں 40لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس کے لئے چار لاکھ لوگ پہلے ہی کولکاتہ پہنچ چکےہیں۔ اس کے علاوہ کئی اہم لیڈر بھی پہنچ گئے ہیں۔

ریلی میں کانگریس سے ملکارجن کھڑگے ،ابھیشیک منوسنگھوی، سماجوادی پارٹی سے اکھلیش یادو، بہوجن سماج پارٹی سے ستیش مشرا، راشٹریہ جنتا دل سے تیجسوی یادو، راشٹریہ لوک دل سے اجیت سنگھ اور جینت چودھری، لوک تانترک جنتا دل سے شرد یادو، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے شرد پوار، تیلگودیشم پارٹی سے چندربابو نائیڈو،جنتا دل سیکولر سے ایچ ڈی کمارسوامی، سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڑا،نیشنل کانفرنس سے فارق عبداللہ،عمر عبداللہ ،عام آدمی پارٹی سے اروند کیجریوال، ڈی ایم کے سے ایم کے اسٹالن وغیرہ  حصہ لیں گے۔ یہ سبھی لیڈر اسٹیج پر موجود رہیں گے۔

Loading...

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ریلی کی کامیابی سے اپوزیشن متحد ہوگا اور بی جےپی کو الیکشن میں ہرانے کے لئے حکمت عملی تیار کی جائےگی۔

Loading...