کولکاتہ میں بی جے پی مخالف ریلی: فاروق عبداللہ نے ای وی ایم کو بتایا ’ چور‘ مشین

کولکتہ کے تاریخی بریگیڈ پریڈ میدان میں ہو رہی اس ریلی کے ذریعہ ممتا بنرجی نریندر مودی کی حکومت کے خلاف ہنکار بھریں گی

Jan 19, 2019 12:15 PM IST | Updated on: Jan 19, 2019 02:14 PM IST
کولکاتہ میں بی جے پی مخالف ریلی: فاروق عبداللہ نے ای وی ایم کو بتایا ’ چور‘ مشین

ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی قیادت میں بی جے پی حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مہا ریلی کے لئے کولکتہ میں منچ پوری طرح سے سج چکا ہے۔ اس ریلی میں کانگریس سمیت تقریبا دو درجن علاقائی جماعتوں کے لیڈران حصہ لے رہے ہیں۔ کولکتہ کے تاریخی بریگیڈ پریڈ میدان میں ہو رہی اس ریلی کے ذریعہ ممتا بنرجی نریندر مودی کی حکومت کے خلاف ہنکار بھریں گی۔ کولکتہ کے تاریخی بریگیڈ پریڈ میدان میں ہو رہی اس ریلی میں یہ بھی دکھانے کی کوشش ہوگی کہ تمام علاقائی جماعتیں بی جے پی کے خلاف متحد ہیں۔

اس ریلی میں اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو، جبکہ بی ایس پی کے سینئر رہنما ستیش چندر مشرا کے علاوہ آر ایل ڈی کے اجیت سنگھ اور جینت چودھری بھی موجود رہیں گے۔ وہیں ریلی میں کانگریس پارٹی کی نمائندگی پارٹی کے سینئر لیڈر ملکا ارجن کھڑگے کریں گے۔

Loading...

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال ممتا بنرجی کی ریلی میں شرکت کے لئے کولکتہ پہنچ گئے ہیں۔ ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد انہوں نے کہا، "نریندر مودی اور امت شاہ ملک کے لئے خطرہ ہیں۔ ان لوگوں کو اقتدار سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔ میں ممتا بنرجی کے اس قدم کی تعریف کرتا ہوں اور ان کی ریلی میں شرکت کرنے کے لئے یہاں آیا ہوں‘‘۔

اس مہا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جگنیش میوانی نے کہا ’’ ہندوستان ایمرجنسی جیسے حالات سے گزر رہا ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کو روکنے کے لئے 2019 کافی اہم ثابت ہونے والا ہے۔ میں ساری علاقائی پارٹیوں کو ایک منچ پر لانے کے لئے ممتا جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔

وہیں، اپوزیشن کی اس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل نے کہا ’’ یہ ریلی بی جے پی کے خاتمہ کی شروعات ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سبھاش بابو گوروں سے لڑے تھے۔ ہم سب چوروں سے لڑیں گے‘‘۔ ان کے اس بیان کو مودی۔ شاہ پر نشانہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’’کشمیر کے لئے بی جے پی حکومت ذمہ دار ہے۔ وہ ملک کے لوگوں کو بانٹنے کا کام کر رہی ہے۔ ہندو اور مسلمانوں کو بانٹنے کا کام رہی ہے۔ اس وقت پورے ملک میں آگ لگی ہوئی ہے۔ اب اسے روکنے کے لئے قربانی دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جسے آپ ای وی ایم کہتے ہیں وہ چور مشین ہے میں الیکشن کمیشن سے اسے ہٹانے کی مانگ کروں گا۔ الیکشن کے دوران اس سے چوری کی جاتی ہے‘‘۔

Loading...