ممتا بنرجی کا آسام میں بنگالیوں کو پریشان کئے جانے کا الزام ، کہا :  ہم نہیں کریں گے برداشت

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج آسام میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی نیشنل رجسٹرڈ آف سٹیزن آسام کی سخت تنقید کی ہے ۔

Jan 03, 2018 10:29 PM IST | Updated on: Jan 03, 2018 10:29 PM IST
ممتا بنرجی کا آسام میں بنگالیوں کو پریشان کئے جانے کا الزام ، کہا :  ہم نہیں کریں گے برداشت

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی: فائل فوٹو۔

کلکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج آسام میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی نیشنل رجسٹرڈ آف سٹیزن آسام کی سخت تنقید کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آسام میں بنگالی بولنے والوں کے خلاف سازش کی جارہی ہے اور انہیں آسام سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگالی بولنے والوں نے دوسری ریاستوں میں کام کیا اور ہندوستانی شہری بن گئے ۔اسی طرح سے دیگر ریاستوں سے بنگال آکر روزی روٹی سے وابستہ ہوئے اور یہیں کے شہری بن گئے ۔

ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں ہر شہری کو اپنے پسند کی جگہ پر آباد ہونے کا حق ہے ۔مگر آسام میں بی جے پی کی حکومت سٹیزن رجسٹرکے نام پر کروڑوں افراد کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ وزیرا علی ٰ نے کہا کہ رجسٹرکی پہلی قسط شائع ہونے کے بعد ایک شخص نے خودکشی کرلی ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ آسام میں کام کررہے بنگالیوں کو اگر نکالنے کی کوشش کی گئی ، تو میں بی جے پی کو وارننگ دے رہی ہوں کہ وہ آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کرے۔ہم تقسیم کی سیاست کی کبھی بھی حمایت نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بنگال میں آسامیوں کا ہم خیر مقدم کرنے کو تیار ہیں تو آسام میں بھی بنگالیوں کا خیر مقدم ہونا چاہیے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم عوام کو تقسیم کرنے کی تمام کوششوں کی مخالفت کرتے رہیں گے ۔

Loading...

Loading...