جعلی تصویر ترنمول کانگریس کیلئے بنی گلے کی ہڈی، سی پی ایم اور بی جے پی نے درج کرائیں شکایات

کلکتہ۔ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ ، ناردا اسٹنگ آپریشن ، وویکانند فلائی اوور حادثہ کے بعد حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کیلئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور سی پی ایم کے سابق جنرل سیکریٹری پرکاش کرات کی جعلی تصویر جس کے ذریعہ پارٹی ترجمان ڈیریک اوبرائن نے سی پی ایم اور بی جے پی کو ہم خیال ثابت کرنے کی کوشش کی تھی وہ اب گلے کی ہڈی بن گئی۔

Apr 24, 2016 06:11 PM IST | Updated on: Apr 24, 2016 06:41 PM IST
جعلی تصویر ترنمول کانگریس کیلئے بنی گلے کی ہڈی، سی پی ایم اور بی جے پی نے درج کرائیں شکایات

کلکتہ۔  شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ ، ناردا اسٹنگ آپریشن ، وویکانند فلائی اوور حادثہ کے بعد حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کیلئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور سی پی ایم کے سابق جنرل سیکریٹری پرکاش کرات کی جعلی تصویر جس کے ذریعہ پارٹی ترجمان ڈیریک اوبرائن نے سی پی ایم اور بی جے پی کو ہم خیال ثابت کرنے کی کوشش کی تھی وہ اب گلے کی ہڈی بن گئی۔ بی جے پی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کی شدید تنقید کے بعد بی جے پی اور سی پی ایم نے علاحد ہ علاحدہ ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے ممبر اور پارٹی کے قومی ترجمان ڈیریک اوبرائن کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ ڈیریک اوبرائن نے سنیچر کے دن سی پی ایم اور بی جے پی کے درمیان خفیہ تعلقات کو ثابت کرنے کیلئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور کمیونسٹ پارٹی آف مارکسوادی کے سینئر لیڈر پرکاش کرات ایک تصویر دکھلائی تھی جس میں راج ناتھ سنگھ پرکاش کرات کو مٹھائی کھلارہے ہیں ۔ یہ تصویر جعلی تھی ۔

در اصل راج ناتھ سنگھ کی یہ تصویر 2013کی تھی جس میں بی جے پی کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی کو بی جے پی کی طرف سے وزیر اعظم کے عہدہ کیلئے امیدوار کے اعلان کے موقع پر راج ناتھ سنگھ انہیں مٹھائی کھلا رہے ہیں۔ تصویر میں مودی کوہٹا کر پرکاش کرات کی تصویر لگادی گئی ہے ۔ سی پی ایم نے کلکتہ اور دہلی میں ڈی اوبرائن کے خلاف شکایت درج کرائی ہے جب کہ بی جے پی نے اوبرائن کے علاوہ ترنمول کانگریس کی سپریمو متا بنرجی اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری سبرتا بخشی کے خلاف بھی شکایت درج کرائی ہے ۔ بی جے پی لیڈر جے پرکاش مجمدار نے کہا کہ ہم نے اپنی شکایت میں ممتا بنرجی اور بخشی کے نام کو بھی شامل کیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

مسٹرکرات نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ اور میری تصویر ایک ساتھ دکھلا کر ترنمول کانگریس نے گھٹیا سیاست کا مظاہرہ کیا ہے ۔یہ صرف غلطی کا نتیجہ ہی نہیں بلکہ جان بوجھ کر میری اور میری پارٹی کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔اس کی وجہ سے عوام میں غلط پیغام جا سکتا تھا ۔ پرکاش کرات نے کہا کہ چوں کہ کمپیوٹر کی مدد سے میری تصویر کے ساتھ چھیڑ خوانی کی گئی ہے ۔ یہ پورا معاملہ سائبر کرائم کے تحت آتا ہے ۔اس لیے ہم نے دہلی پولس میں شکایت درج کرائی ہے اور ان سے قانونی کارروائی کی اپیل کی ہے ۔ دوسری جانب کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے لیڈر ڈی راجا نے اس حرکت کو ترنمول کانگریس کی اعتراف شکست  قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس شکست کے آثار سے پریشان ہے اس لیے اس طرح کی حرکتوں کا سہارا لیا جارہا ہے ۔

اصل تصویر منظر عام پر آنے کے فوری بعد ترنمول کانگریس نے اپنی غلطی تسلیم کرلی اور اس تصویر کواپنی ویب سائٹ سے ہٹادیا ۔مگر اس وقت سی پی ایم اور بی جے پی دونوں نے ترنمول کانگریس کے خلاف اس بہانے مورچہ کھولنے کا من بنالیا تھا اور کل ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ قانونی کارروائی کریں گے ۔ بی جے پی لیڈر سدھارت ناتھ سنگھ نے کہا کہ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس نے یہ تسلیم کرلیا ہے کہ ان کی زمین کھسک رہی ہے ۔اس لیے وہ اس طرح کی جعلی تصویریں دکھلارہے ہیں ۔ہم ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے اور سائبر کرائم میں ایف آئی آر درج کرائی جائے گی ۔اوبرائن کی گرفتاری ہونی چاہیے۔

Loading...

Loading...