تیجسوی یادو نے اشاروں اشاروں میں اوپیندر کشواہا کو دی آر جے ڈی میں شامل ہونے کی دعوت

یقینا اوپیندر جی،مزیدار اور غذائیت سے بھرپور کھیر محنت کش لوگوں کی ضرورت ہے، پانچ میووں سے بنی ہوئی کھیر نہ صرف صحت بلکہ سماج کی تعمیر میں توانائی دیتی ہے۔

Aug 26, 2018 08:01 PM IST | Updated on: Aug 26, 2018 08:01 PM IST
تیجسوی یادو نے اشاروں اشاروں میں اوپیندر کشواہا کو دی آر جے ڈی میں شامل ہونے کی دعوت

تیجسوی یادو اور اوپیندر کشواہا ۔ فائل فوٹو ۔

بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے مرکزی وزیر اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی) کے سربراہ اوپیندر کشواہا کے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) میں شامل ہونے کے قیاس آرائیوں کے درمیان آج اشاروں اشاروں میں آر جے ڈی میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ سماج کے لئے بہتر ہوگا۔

مسٹر یادو نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’’یقینا اوپیندر جی،مزیدار اور غذائیت سے بھرپور کھیر محنت کش لوگوں کی ضرورت ہے، پانچ میووں سے بنی ہوئی کھیر نہ صرف صحت بلکہ سماج کی تعمیر میں توانائی دیتی ہے۔ محبت سےبنائی گئی کھیر میں غذائیت، مزہ اور توانائی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ یہ ایک بہترین غذا ہے۔‘‘

وہیں مسٹر کشواہا نے بہار کے سابق وزیراعلی بی این منڈل کی 100 ویں جینتی کے موقع پر کل راجدھانی پٹنہ میں منعقد ایک پروگرام میں کہا تھا کہ ’’یادؤں کا دودھ اور کشواہوں کا چاول مل جائے تو کھیر بن سکتی ہے ، لیکن کھیر کےلئے نیچی برادری اور پسماندہ سماج کا پانچ میوہ بھی چاہئے۔ تب کھیر جیسی مزیدار ڈش بن سکتی ہے۔ یہ سماجی انصاف کی تعریف ہے۔‘‘

مسٹر کشواہا کی طرف سے سال 2019 کے لوک سبھا انتخاب آرجے ڈی کے ساتھ لڑنے کے اشارے کے پس منظر میں بھارتیہ جنتا پارٹی بہار کے سربراہ نتیانند رائے نے کہا کہ مسٹر کشواہا کے بیان کامختلف معنی نکالنا پوری طرح سے غلط ہوگا۔

Loading...

Loading...