ایکسکلوزیو : لالو پرساد یادو کو ہیں یہ سنگین بیماریاں ، قریبی معاون نے کیا انکشاف

لالو یادو گزشتہ ڈیڑھ مہینے سے ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں دل اور کڈنی کی بیماریوں کی وجہ سے اسپتال میں بھرتی ہیں ۔

Aug 24, 2018 08:39 PM IST | Updated on: Aug 24, 2018 08:39 PM IST
ایکسکلوزیو : لالو پرساد یادو کو ہیں یہ سنگین بیماریاں ، قریبی معاون نے کیا انکشاف

لالو پرساد یادو ۔ فائل فوٹو ۔

گزشتہ کچھ دنوں سے راشٹریہ جنتادل کے سپریمو لالو پرساد یادو کی صحت کو لے کر سوشل میڈیا سے لے کر عام لوگوں کے درمیان طرح طرح کے خدشات اور تشویشات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ جمعہ کو چارہ گھوٹالہ معاملہ میں قصوروار قرار دئے گئے یادو کی عبوری ضمانت کی مدت بڑھانے سے عدالت کے انکار کے بعد سے یہ مزید موضوع بحث بن گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں نیوز 18 کو اسپتال میں ان کے ایک قریبی معاون نے ان کی صحت کے سلسلہ میں پوری معلومات فراہم کرائیں ۔

معاون نے بتایا کہ لالو پرساد ایک ساتھ کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں ۔ انہیں پہلے سے ہی ہائی بی پی ، شوگر ، کڈنی ، پروسٹیٹ ، کڈنی میں پتھری ، ہرنیا ، گلوکوما ، بیٹا تھیلیسیمیا سے وابستہ پریشانیاں ہیں ۔ سال 2014 میں آرٹک ری پلیسمنٹ ، پیٹنٹ فارامین اوویل اور آرٹوپلاسٹی کے آپریشن بھی ہوئے تھے ۔

لالو کے قریبی نے ان کی صحت کے تئیں لوگوں میں بڑھتی تشویشات کے پیش نظر سابق وزیر اعلی کی صحت کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔ ان کے مطابق لالو کو سوپرا پبلک ایریا میں ابسیس ہونے کے ساتھ ہی ان کا شوگر لیول بھی کنٹرول سے باہر ہے ۔ پہلے ہوئے آرٹک ولو ری پلیسمنٹ کو دیکھتے ہوئے اس وقت انہیں ہائی اینٹی بایوٹک کا ڈوز دیا جارہا ہے ۔ بیکٹیریا کی وجہ سے انہیں کنڈوکارڈائٹس میں انفیکشن کا بھی کافی زیادہ خطرہ ہے ۔

غور طلب ہے کہ لالو یادو گزشتہ ڈیڑھ مہینے سے ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں دل اور کڈنی کی بیماریوں کی وجہ سے اسپتال میں بھرتی ہیں ۔ اسپتال کے ذرائع نے بھی واضح کیا کہ ان کی حالت اچھی نہیں ہے ، ان کے دل کی نسوں میں بلاکیج ہے اور کڈنی میں انفیکشن ہے ، اتنی ساری بیماریاں ہونے کی وجہ سے ان کے علاج میں بھی پریشانی آرہی ہے۔

Loading...

Loading...