شاردا گھوٹالہ: کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار پہنچے شیلانگ، سی بی آئی آج کرے گی پوچھ گچھ

سی بی آئی راجیو کمار سے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ میں ثبوتوں کو ضائع کرنے میں ان کے رول کو لے کر سوال جواب کرے گی۔

Feb 09, 2019 08:53 AM IST | Updated on: Feb 09, 2019 09:23 AM IST
شاردا گھوٹالہ: کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار پہنچے شیلانگ، سی بی آئی آج کرے گی پوچھ گچھ

کولکاتہ کے پولیس کمشنر راجیو کمار: فائل فوٹو۔

سی بی آئی ہفتہ کے روز یعنی آج کولکاتہ کے پولیس کمشنر راجیو کمار سے شیلانگ میں پوچھ گچھ کرے گی۔ سی بی آئی ان سے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ میں ثبوتوں کو ضائع کرنے میں ان کے رول کو لے کر سوال جواب کرے گی۔ پولیس کمشنر راجیو کمار شیلانگ پہنچ چکے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک نامعلوم مقام پر ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ راجیو کمار کے ساتھ تین دیگر آئی پی ایس افسران بھی شیلانگ پہنچے ہیں۔

سپریم کورٹ نے منگل کو راجیو کمار کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ اپنے فرمان میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ کولکاتہ پولیس کمشنر’ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ‘ سے جڑے معاملوں کی جانچ میں سی بی آئی کے ساتھ ’ معتبر طور پر‘ تعاون کریں۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے یہ واضح بھی کر دیا کہ انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

Loading...

ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سی بی آئی کے ممکنہ سوالات کو لے کر راجیو کمار نے پہلے سے ہی تیاری کر لی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کولکاتہ پولیس کے سینئر افسران نے اسٹیٹ کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ سے مل کر 80-100 سوالات کی ایک ایسی فہرست تیار کی تھی جو سی بی آئی کے افسران راجیو کمار سے پوچھ سکتے ہیں۔

راجیو کمار پر کیا الزام ہے؟

سی بی آئی نے راجیو کمار پر شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کے ثبوت ضائع کرنے کا الزام لگایا ہے۔ سپریم کورٹ میں سی بی آئی نے الزام لگایا کہ گھوٹالہ کی ایس آئی ٹی جانچ کے قائد رہے راجیو کمار نے الیکٹرانک ثبوت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔ سی بی آئی کا الزام ہے کہ انہوں نے جو دستاویزات ایجنسی کو سونپے ان میں کچھ ’ چھیڑ چھاڑ‘ کی گئی ہے۔

کون ہیں راجیو کمار؟

راجیو کمار بنگال کے 1989 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ اس وقت وہ کولکاتہ کے پولیس کمشنر ہیں۔ انہیں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا قریبی مانا جاتا ہے۔ وہ بنیادی طور پر اترپردیش کے چندوسی کے رہنے والے ہیں۔ ان کے والد آنند کمار چندوسی کے ایس ایم کالج میں پروفیسر تھے۔ راجیو کمار نے اسی کالج سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ وہ یوپی کیڈر کے آئی پی ایس آفیسر ہیں لیکن فی الحال کئی برسوں سے بنگال میں تعینات ہیں۔

 

Loading...