اپنا ضلع منتخب کریں۔

    وانمباڈی میں 25 واں کل ہند اردوکتب میلہ: نوجوانوں اور خواتین کی کثیر تعداد، کیاہےوانمباڈی کی تاریخ؟

    تصویر بشکریہ نایاب حسن فیس بک

    تصویر بشکریہ نایاب حسن فیس بک

    اردو کتب میلہ میں مصنفین سے ملاقات، مباحث، ڈرامے، مشاعرے اور تمثیلی مشاعروں کا بھی خاص اہتمام کیا جارہا ہے۔ جس میں طلبہ و طالبات اردو کے کلاسیکی شاعروں کی طرح تیار ہورہے ہیں۔

    • News18 Urdu
    • Last Updated :
    • Tamil Nadu, India
    • Share this:
    تامل ناڈو کے شہر وانمباڈی (Vaniyambadi) میں کل ہند اردو کتب میلہ پوری ریاست میں اردو جاننے والوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ وانمباڈی کے 100 سال پرانے اسلامیہ کالج کے احاطے میں منعقد ہونے والا 25 واں قومی اردو کتب میلہ وانمباڈی اور دیگر قریبی قصبوں کے اردو سے محبت کرنے والوں کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔ یہ اردو کتاب میلہ 11 جنوری تک جاری رہے گا۔

    کل ہند اردو کتب میلہ 120 سال قدیم وانمباڈی مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی (VMES) کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔ کتاب میلے کا افتتاح 3 جنوری کو قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (NCPUL) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد اور کے ایچ گروپ آف کمپنیز کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد ہاشم ملک نے کیا۔ اسلامیہ کالج کے وسیع و عریض کیمپس میں چل رہے کل ہند کتب میلہ کے اوقات صبح 10 بجے سے رات 9 بجے تک ہے۔ اتوار کے دن بھی میلہ کھلا رہے گا۔

    ادب، شاعری، قواعد، تاریخ، سوانح عمری، بچوں کے لیے کہانیاں اور ادویات سے متعلق کتابیں میلے میں دستیاب ہیں۔ یہاں تقریبا 95 اسٹالز پر لکڑی کے ریکوں پر سجی ہوئی کتابیں پڑھنے اور خریدنے والوں کی منتظر ہیں۔ میلے میں اردو کے علاوہ ہندی، تامل اور انگریزی میں بھی کتابیں دستیاب ہیں۔

    کل ہند اردو کتاب میلہ کا باب الداخلہ (تصویر بشکریہ: سید فیضی)
    کل ہند اردو کتاب میلہ کا باب الداخلہ (تصویر بشکریہ: سید فیضی)


    یہ بھی پڑھیں: مالیگاؤں میں اردو کتاب میلے کا آغاز، پہلے ہی دن کتابیں خریدنے کے لئے بھیڑ امڈ پڑی

    کیا ہے وانمباڈی کی تاریخ؟

    این سی پی یو ایل کے تعلیمی افسر اجمل سعید کا کہنا ہے کہ رقبہ کے اعتبار سے وانمباڈی چھوٹا ہونے کے باوجود شاندار تاریخ کا حامل شہر ہے۔ یہاں کی ریاستی زبان تامل ہیں، لیکن عوام میں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میلے کا مقصد علاقے کے لوگوں میں اردو زبان و ادب کو مزید فروغ دینا ہے۔

    وانمباڈی کو اردو کتاب میلے کے انعقاد کے لیے منتخب کیا گیا، کیونکہ وانمباڈی تامل ناڈو کا ایک اردو مرکز ہے جس کے ارد گرد بہت سے دوسرے قصبے ہیں جیسے تروپتر، امبور، پیرانمبتو، گوڈیاتم، میلویشرم، کرشنگری اور ہوسور میں اردو بولنے والوں کی کافی آبادی ہے۔

    کل ہند اردو کتاب میلہ میں کئی مقابلہ جات بھی ہوئے، جس میں طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
    کل ہند اردو کتاب میلہ میں کئی مقابلہ جات بھی ہوئے، جس میں طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔


    وی ایم ای ایس کے نائب صدر یوسف ایم ڈی پٹیل میلے کے کوآرڈینیٹر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر سے 60 اردو پبلشرز سو کے قریب اسٹالز پر اپنی کتابیں فروخت کررہے ہیں۔ گائیڈنس پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز، نئی دہلی، مرکز مکتبہ اسلامی پبلشرز، نئی دہلی، اقرا ایجوکیشنل فاؤنڈیشن، ممبئی، ایجوکیشنل بک سروس، نئی دہلی، گڈ ورڈ بکس، نئی دہلی اور قاضی پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز، نئی دہلی اور ہدیٰ بک ڈسٹربیوٹرس بڑے اشاعتی اداروں میں شامل ہیں۔ جنہوں نے میلے میں شرکت کی۔

    ’کیا ای بک اور الیکٹرانک میڈیا پرنٹ شدہ کتابوں کی جگہ لے سکتے ہیں؟ کیا سوشل میڈیا ایک نعمت ہے یا مصیبت؟ کیا تکنیکی ترقی مزاج اور دلچسپیوں کو بدل رہی ہے؟ اور کیا آن لائن تعلیم روایتی طریقہ تدریس سے بہتر ہے؟ جیسے مباحث پر میلے میں گفتگو کی گئی۔

    کل ہند اردو کتاب میلہ میں نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔
    کل ہند اردو کتاب میلہ میں نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔


    کالج کے طلبہ کے لیے سائنسی موضوعات سے متعلق الگ سے نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ایک مذاکرہ سائنس اور اردو ادب پر بھی منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (MANUU) کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم پرویز رہے، جنھوں نے ’اردو زبان اور سائنسی مزاج‘ پر خطاب کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کل ہند اردو کتاب میلے نے ایک کروڑ 14 لاکھ 55 ہزار کی کتابیں فروخت کر تاریخ رقم کی‎


    اردو کتب میلہ میں مصنفین سے ملاقات، مباحث، ڈرامے، مشاعرے اور تمثیلی مشاعروں کا بھی خاص اہتمام کیا جارہا ہے۔ جس میں طلبہ و طالبات اردو کے کلاسیکی شاعروں کی طرح تیار ہورہے ہیں اور وہ اشعار پیش کرتے ہیں۔ وہیں میلہ میں بیت بازی اور انتاکشری کا بھی خاص اہتمام کیا گیا ہے۔
    Published by:Mohammad Rahman Pasha
    First published: