ہوم » نیوز » تعلیم و روزگار

تنازعات سے گھری رہی جامعہ ملیہ اسلامیہ پر سینئر بی جے پی لیڈر اور منی پور کی گورنر نجمہ ہبت اللہ کو فخر

یونیورسٹی کو اپنے پیغام میں ڈاکٹر ہیپت اللہ نے کہا: "میں کامیاب ہونے والے تمام طلبہ ، اساتذہ اور اکیڈمی کے دیگر عہدیداروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

  • Share this:
تنازعات سے گھری رہی جامعہ ملیہ اسلامیہ پر سینئر بی جے پی لیڈر اور منی پور کی گورنر نجمہ ہبت اللہ کو فخر
جامعہ ملیہ اسلامیہ پر سینئر بی جے پی لیڈر اور منی پور کی گورنر نجمہ ہبت اللہ کو فخر

نئی دہلی۔ سینئر بی جے پی رہنما، منی پور کی گورنر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی چانسلر ڈاکٹر نجمہ ہیپت اللہ نے ریزیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 30 طلباء کا یو پی ایس سی سول سروسز 2019 میں انتخاب پرانھیں مبارکباد پیش کی ہے۔ یونیورسٹی کو اپنے پیغام میں ڈاکٹر ہیپت اللہ نے کہا: "میں کامیاب ہونے والے تمام طلبہ ، اساتذہ اور اکیڈمی کے دیگر عہدیداروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ محض  یونیورسٹی کے لئے ہی نہیں بلکہ  ذاتی طور پر خود میرے لئے بھی افتخار کی بات ہے۔" چانسلر نے اس کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداران کو بھی مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر ہبت اللہ نے کہا کہ یونیورسٹی نے حال ہی میں وزارت برائے انسانی وسائل کی ترقی (ایم ایچ آر ڈی) کے ذریعہ تشخیص میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یونیورسٹی کی یہی وہ کامیابیاں ہیں جو اس بات کا پتہ دیتی ہیں کہ یہ اپنے بانیان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ، "یہ یونیورسٹی کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ریزیڈینشیئل کوچنگ سینٹر مختلف اداروں کے زیر انتظام تمام مراکز میں سب سے زیادہ نوکرشاہ پیدا کر رہا ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اس میں  بہتری  دیکھنے کو ملے  گی "۔


جامعہ نے تیار کئے 230 نوکر شاہ


یونیورسٹی کی کوچنگ اکیڈمی نے 2010-11 سے لے کر 2019 تک 230 سول سرونٹ تیار کیے ہیں،  جن میں بہت سے آئی اے ایس ، آئی ایف ایس اور آئی پی ایس میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ، دیگر مرکزی اور ریاستی خدمات یعنی ، سی اے پی ایف ، آئی بی ، آر بی آئی (گریڈ بی) ، اے پی ایف ، بینک پی او اور پی سی ایس وغیرہ میں بھی 285 سے زیادہ طلباء کا انتخاب عمل میں آچکا ہے۔ اس سال آر سی اے کے 14 طلباء پہلے ہی جموں و کشمیر پی سی ایس میں شامل ہوچکے ہیں۔ 24 طلباء یو پی پی ایس سی انٹرویو کے لئے کوالیفائی ہوئے ہیں۔ وہیں تقریبا  15 طلباء نے بی پی ایس سی میں  بھی انٹرویو کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔


رہائشی کوچنگ اکیڈمی کا 2010 میں ہوا تھا آغاز

یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے ذریعہ آر سی اے کا قیام 2010 میں سنٹر فار کوچنگ اینڈ کیریئر پلاننگ (سی سی اینڈ سی پی) ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیراہتمام عمل میں آیا تھا جس کا مقصد ایس سی ، ایس ٹی ، خواتین اور اقلیتوں کے طلباء کو شہری خدمات اور دیگر مسابقتی امتحانات کے لئے مفت کوچنگ اور رہائشی سہولیات فراہم کرنا تھا ، جس میں یہ ادارہ مکمل طور پر کامیاب ہے۔ اس مرکز میں طلباء کو بین ملکی تحریری امتحان میں کامیابی کے بعد انٹرویو میں بھی مطلوبہ نمبرات حاصل کرنے کے بعد منتخب کیا جاتا ہے۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Aug 07, 2020 08:08 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading