مدھیہ پردیش: حج کمیٹی کے ملازمین کو سات ماہ بعد جاگی تنخواہ کی امید
حج کمیٹی میں کسی ایکزیکیٹو آفسر کے نہیں ہونے سے نہ صرف ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں بلکہ آفس کے بجلی اور ٹیلی فون کا بل وقت پر ادا نہیں ہونے سے بجلی بھی کاٹ دی گئی ۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Mar 26, 2021 08:31 PM IST

حج کمیٹی میں کسی ایکزیکیٹو آفسر کے نہیں ہونے سے نہ صرف ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں بلکہ آفس کے بجلی اور ٹیلی فون کا بل وقت پر ادا نہیں ہونے سے بجلی بھی کاٹ دی گئی ۔
مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کو آخر کار نیا انچارج مل گیا ہے۔ حج کمیٹی کے ای او داؤد احمد خان کا گزشتہ سال ماہ دسمبر میں ریٹائرمنٹ ہوا تھا اس کے بعد محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود نے ایم پی اسٹیٹ حج کمیٹی کی ذ مہ داری کسی آفیسر کے سپرد کی ہی نہیں جس سے دفتر کی ضرورت کے کام ہوسکیں ۔حج کمیٹی میں کسی ایکزیکیٹو آفسر کے نہیں ہونے سے نہ صرف ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں بلکہ آفس کے بجلی اور ٹیلی فون کا بل وقت پر ادا نہیں ہونے سے بجلی بھی کاٹ دی گئی ۔ نیوز ایٹین اردو کی خبر کے بعد محکمہ خواب غفلت سے بیدار تو ہوا مگر اس نے کسی شخص کو ادارے کا ای او بنانے کے بجائے مساجد کمیٹی کے مہتمم یاسرعرفات کو اضافی چارج دیتے ہوئے اپنا فرض پورا کرلیا۔
ایسا نہیں ہے کہ مدھیہ پردیش میں صرف حج کمیٹی کے ساتھ وزارت اقلیتی فلاح و بہبود کا یہ ستم ہو بلکہ مدھیہ پردیش میں جتنے بھی اقلیتی ادارے ہیں شیوراج سنگھ حکومت میں ابتک کسی تشکیل نہیں ہوئی ہے۔ اقلیتی اداروں میں کسی سربراہ کے نہیں ہونے سے ملازمین اور یہاں آنے والے لوگوں کی مشکلات کیا ہونگی اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
مدھیہ پردیش جمعیت علما کے صدر حاجی محمد ہارون کہتے ہیں کہ دیر سے ہی سہی حج کمیٹی میں کسی کو انچارج تو بنایا گیا۔ ہم حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں ساتھ ہی یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ جتنے بھی اقلیتی ادارے ہیں ،چاہے وہ حج کمیٹی ہو،اقلیتی کمیشن ہو،مدرسہ بورڈ ہو،مساجد کمیٹی ہو،اردو اکادمی ہو یا اقلیتی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن ہو سب کی تشکیل جلد سے جلد کی جانا چاہیئے تاکہ حکومت نے یہ ادارے جس کے لئے قائم کئے ہیں وہ اپنا کام کرسکیں اور اقلیتی سماج کے مسائل حل ہوسکیں ۔
مدھیہ پردیش کے وزیر برائے اقلیتی فلاح و بہبود رام کھلاون پٹیل کہتے ہیں کہ اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ ملازمین کی تنخواہوں کے مسائل بھی حل ہونگے ۔اور کمیٹیوں کی بھی جلد تشکیل ہوگی ۔ کمیٹیوں کی تشکیل کو لیکر کام جاری ہے جلد ہی سی ایم سے ملاقات کرکے ان کی تشکیل کردی جائے گی ۔ حج کمیٹی کو نیا انچارج تو مل گیا ہے اب دیکھنا ہوگا کہ ملازمین کی سات ماہ سے رکی ہوئی تنخواہ کب جاری ہوتی ہے ۔