مائیکل گیلنٹآپ کا اندراج ہو گیا، آپ نے اپنے کورس کا انتخاب بھی کر لیا اور آپ کا ویزا بھی آپ کے ہاتھ میں آ گیا۔ لیکن اس وقت کیا ہوگا جب آپ ہوائی جہازسے اتر کر امریکہ میں داخل ہونے والے ہیں؟
حفاظت اورسلامتی کے لیے امریکی حکومت نے ملک میں داخل ہونے کے واسطے کچھ ضابطے وضع کیے ہیں جن کی پاسداری کرنا امریکہ آنے والے ہر شخص پر لازمی ہے۔ یہ کاروائی بہت آسان اور تیزی سے مکمل ہونے والی ہے اور درست تیاری سے آپ ہوائی اڈے سے بلا تاخیر نکل سکتے ہیں۔
اس مضمون میں بھارت میں امریکی کسٹمس اور سرحدی حفاظت اتاشی دفتر کے ماہرین سے حاصل شدہ معلومات پیش کی جارہی ہیں جن کی مدد سے آپ امریکہ میں اپنے داخلے کو آسان بنا سکتے ہیں۔
اپنے دستاویزات کو تیار کریں،جمع کریں اور ان کو محفوظ کریں:امریکہ میں داخل ہورہے بھارتی طلبہ کے لیے جو اہم دستاویزات ضروری ہیں ان میں درست پاسپورٹ، ایف ون اسٹوڈنٹ ویزا، اور منظور شدہ فارم آئی ۲۰ اے بی۔ یہ بہتر ہے کہ احتیاط کے لیے دستاویزات کی فوٹو کاپی اور اس کی ڈیجیٹل کاپی دونوں ہی ساتھ رکھی جائیں تاکہ اگر ہارڈ کاپی گُم ہو جائے تو اس کی سافٹ کاپی تو موجود رہے۔ مگر اس بات کو یقینی بنائیں کہ جب آپ امریکہ میں ہوائی اڈے پر اتریں تو آپ کے ہاتھ میں ا ن دستاویزات کی اصل بھی موجود ہو۔
اس سلسلے میں معاون دستاویزات بھی کار آمد ثابت ہوسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اسکول کا داخلہ خط، آپ کے اسکول کی دیگر معلومات، اور مالی دستاویزات جن سے معلوم ہو کہ آپ امریکہ میں قیام کے دوران اپنی کفالت خود کر سکتے ہیں۔
اس امر کو یقینی بنائیں کہ آپ کے تمام دستاویزات منظم ہوں اور عبوری دَور میں محفوظ مقام پر رہیں۔ جیسے ہی آپ ہوائی اڈے پر اترتے ہیں تو یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ خود سی بی پی افسر سے رابطہ کریں۔
اس وقت آپ کے تمام دستاویزات یا تو آپ کے ہاتھ میں ہو نے چاہئیں یا ایسی جگہ ہونے چاہئیں جہاں سے انہیں فوراً حاصل کیا جا سکتا ہو۔
اپنے ساتھ لے جانی والی چیزوں پر توجہ دیں:امریکہ میں کھانے پینےکی چیزوں کے علاوہ بعض ادویہ پر بھی پابندی ہے۔ اگر آپ ان اشیا کے ساتھ پکڑے گئے تو آپ کے دستاویزات ضبط ہو سکتے ہیں، بلا وجہ تاخیر ہو سکتی ہے اور دیگر مسائل بھی کھڑے ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا،یہ اشد ضروری ہے کہ سامان باندھنے سے پہلے آپ اچھی طرح سے معلومات حاصل کرلیں۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ تمام بھارتی طلبہ سی بی پی ویب سائٹ کو اچھی طرح سے دیکھ لیں۔ یہاں خاص طور پر امریکہ میں کھانا لانا اور ان گوشوں کی جستجو سے پہلے ان کو بخوبی جانیں وغیرہ سیکشن کا اچھی طرح مطالعہ کرلیں۔
پُرسکون رہیں اور ہدایات پر عمل کریں:امریکہ میں داخل ہونے کی کارروائی نہایت خوفناک لگ سکتی ہے، خاص طورپر پہلی مرتبہ سفر کرنے والوں کو۔ اگر آپ کو گھبراہٹ محسوس ہو رہی ہے تو گہری سانسیں لیں، سکون سے رہیں اورہدایات پر عمل کریں۔
حد سے زیادہ دوستانہ رویہ، بہت زیادہ بولنے اور جن دستاویزات کی ضرورت نہیں انہیں ساجھا کرنے سے گریز کریں۔ علاوہ ازیں کوئی بھی ایسی حرکت نہ کریں جس سے سی بی پی افسر کادھیان بھٹکے۔ ان تمام کے نتیجہ میں امریکہ میں آپ کے داخلے میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
سچ بتائیں:ہر وہ شخص جو کہ امریکہ میں داخلے کی کاروائی سے منسلک ہے وہ آپ کو یہ ضرور بتائے گا کہ سی بی پی افسر سے کسی بھی معاملہ میں کسی بھی وجہ سے دروغ گوئی کافی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
اس میں کسٹم ڈکلیریشن فارم جو کہ تمام مسافروں کو، بشمول طلبہ کے، پہنچنے سے قبل بھرنا ہوتا ہے۔ ان دستاویزات میں ان اشیا کے متعلق سوالات ہوتے ہیں جو مسافرین امریکہ میں لےجا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ آپ پورا فارم ایمانداری کے ساتھ بھریں کیوں کہ غلط بیانی یا ذکر نہ کرنے کی صورت میں آپ پر جرمانہ عائد ہوسکتا ہے، تاخیر ہوسکتی اور دیگر مسائل کھڑے ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ سی بی پی افسران سے زیادہ تر گفتگو مختصر، آسان اور سیدھی سادھی ہوتی ہے۔ پر سکون رہیے اور تمام سوالات کا ایمانداری سے جواب دیجئے تو آپ کاکام بہت جلد ختم ہو جائے گا۔
تیار رہیں کہ اجازت ملنے پر فوری طور پر روانہ ہوجائیں مگر یہاں بھی رویہ لچیلا رکھیں:
عام حالات میں امریکہ میں داخل ہونے کی کاروائی یعنی سی بی پی افسر تک پہنچنے سے لے کر اپنے سامان ہاتھ میں لے کرہوائی اڈہ سے باہر آنے تک کے تمام مراحل محض چند منٹوں میں ہی مکمل ہوجاتے ہیں۔ اگر تاخیر ہورہی ہے تواس کے لیے بھی خود کو تیار رکھیں ۔
اگر کئی بین الاقوامی طیارے ایک ساتھ آتے ہیں تو امیگریشن اور کسٹم کی قطار طویل ہو سکتی ہے۔ اسی طرح اگر آپ کے دستاویزات یا جوچیزیں آپ امریکہ لا رہے ہیں ان میں کچھ گڑبڑ ہےتو بھی تاخیر ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :
مگر خواہ کچھ بھی ہو، افسران کو اپنا بھر پور تعاون دیجیے اور لچیلا پن اختیار کیجیے۔ سی بی پی افسران کی ہمیشہ یہی کوشش رہتی ہے کہ آپ کا کام بغیر کسی پریشانی اور رکاوٹ کے آسانی کے ساتھ انجام پائے۔
مائیکل گیلنٹ، گیلنٹ میوزک کے بانی اور سی ای او ہیں۔ وہ نیو یارک سٹی میں مقیم ہیں۔
https://bit.ly/3LLrXqGبشکریہ اسپَین میگزین، امریکی سفارت خانہ ، نئی دہلی
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔