خواب وہ کب ہیں کہ جو نیند میں دیکھے جائیں
خواب تو وہ ہیں جو سونے ہی نہیں دیتے ہیں
زندگی سماج اور ملک کی ترقی کے خواب بند آنکھوں سے نہیں بلکہ کھلی آنکھوں سے دیکھے جاتے ہیں ۔ یہ خواب رات میں نہیں بلکہ دن میں دیکھے جاتے ہیں ،بڑے منصوبوں کی تکمیل کے لئے بڑے خواب دیکھنا لازمی ہے ، پہلے خواب دیکھئے اور پھر انہیں شرمندہ ء تعبیر کرنے کے لئے ایسی کوششیں کیجئے کہ خدا اور قسمت آپ پر مہر بان ہوجائے ۔ ان خیالات کا اظہار آج انٹیگرل انٹرنیشنل اسکول کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں پروفیسر سید وسیم اختر نے کیا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی انٹیگرل انٹرنیشنل اسکول کے ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے نتائج سو فیصد رہے ہیں ۔ اس کامیابی اور خوشی کے اظہار کے پیش نظر بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے یہ تقریب منعقد کی گئی تھی ۔ اس تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہونے والی معروف ماہر تعلیم و سماجی کارکن عذراوسیم نے بچوں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے معنی خیز درس بھی دیا اور اخلاقیات پر مبنی بہترین مشورے بھی دئے ۔ عذرا وسیم نے والدین اور اساتذہ کی عزت و احترام کرنے اور ان کی دعائیں لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ
سرخ رو ہوتا ہے انساں ٹھوکریں کھانے کے بعد
رنگ لاتی ہے حنا پتھؔر پہ پس جانے کے بعد
عذرا وسیم نے اپنے مخصوص اور دانشورانہ انداز میں یہ بھی کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد تکبر نہیں پیدا ہونا چاہئے، بلکہ انسان کو مزید بہتری کے لیے مسلسل کوششیں کرتے رہنا چاہئے ۔ شخصیت کی تعمیر صرف تعلیم سے نہیں بلکہ تعلیم و تربیت دونوں سے ہوتی ہے ۔
دیکھا نہ کوہ کن کوئی فرہاد کے بغیر
آتا نہیں ہے فن کوئی استاد کے بغیر
عذرا وسیم کی روشن اور بصیرت افروز تقریر سے ہال میں موجود بچے ، والدین اور دیگر اہم لوگ بہت متاثر ہوئے ۔
اس موقع پر انٹیگرل یونیورسٹی کے بانی و چانسلر اور میڈم چانسلر کے علاوہ یونیورسٹی کے پروچانسلر ڈاکٹر سید ندیم اختر، سید فوزان اختر اور پروفیسر حارث صدیقی کے بدست بھی کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات کے اسناد اور میڈل پیش کئے گئے ۔ اس موقع پر انٹرنیشنل اسکول کے پرنسپل راشد خان نے کہا کہ ہر چند ہمارے اسکول کو رزلٹ سو فیصد رہا ہے لیکن ابھی ہم اس سے مطمئن نہیں ہیں ، ہمیں ضلع اور ریاستی سطح پر ممتاز شناخت اور اولیت حاصل کرکے ہی کچھ سکون و اطمینان ملے گا ۔
انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ سید وسیم اختر نے اسکول کے ماحول و معیار کو بہتر بنانے اور تعلیمی وقار کو بلند کرنے کے لئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی ہیں اور مستقبل میں بھی مزید بہتر مراعات دئے جانے کا یقین دلایا ہے لہٰذا اب ہمارے پورے عملے اور اسٹاف کی یہ ذمہ داری ہوجاتی ہے کہ ہم انٹرنیشنل اسکول کو اس ضلع، ریاست اور ملک کا اہم ادارہ بنانے کے لئے سنجیدہ اور نتیجہ خیز کوششیں کریں۔ کلامِ الٰہی اور یونیورسٹی ترانے سے شروع ہوئے اس پروگرام کا اختتام قومی ترانے جن گن من کے ساتھ ہوا ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔