ہوم » نیوز » انٹرٹینمنٹ

بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی پھر طبیعت بگڑی ، اب نہیں کریں گے کام ، جانیں کیا ہے بیماری

بالی ووڈ اداکار عرفان خان (Irrfan Khan) پہلے بھی بیماری کی وجہ سے فلموں کو درمیان میں چھوڑ کر علاج کروانے چلے گئے تھے اور اب انہیں ایک مرتبہ پھر طویل عرصہ کیلئے کام سے دور ہونا پڑسکتا ہے ۔

  • Share this:
بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی پھر طبیعت بگڑی ، اب نہیں کریں گے کام ، جانیں کیا ہے بیماری
بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی پھر طبیعت بگڑی ، اب نہیں کریں گے کام ، جانیں کیا ہے بیماری ۔ فائل فوٹو ۔

بالی ووڈ کے مشہور اداکار عرفان خان (Irrfan Khan) ہائی گریڈ نیورواینڈوکرائن کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ جون 2017 میں بیماری کا علم ہوتے ہی عرفان خان درمیان میں ہی کام چھوڑ کر بیرون ملک اپنا علاج کروانے کیلئے چلے گئے تھے ۔ عرفان خان نے نہ صرف سوشل میڈیا پر اپنی بیماری کی اطلاع دی ، بلکہ وقتا فوقتا انہوں نے اور ان کے اہل خانہ نے صحت سے متعلق تازہ ترین معلومات کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور مداحوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔


نیو یارک میں طویل عرصہ تک علاج کرانے کے بعد عرفان خان سال 2019 میں ہندوستان واپس آئے اور فلم انگلش میڈیم کی شوٹنگ شروع کی ۔ اس دوران عرفان اپنے روٹین اور ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق مستقل دوائیں لے رہے تھے ۔ حالانکہ فلم انگلش میڈیم کی شوٹنگ ختم ہوچکی ہے اور عرفان دیگر فلموں کی شوٹنگ بھی شروع کرنا چاہتے تھے۔ لیکن اس دوران عرفان کی طبیعت ایک مرتبہ پھر خراب ہوگئی ہے ۔ ڈاکٹروں نے فی الحال عرفان کو کام سے بریک لینے اور مکمل بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد عرفان خان نے اب فیصلہ کیا ہے کہ جب تک وہ پوری طرح صحتیاب نہیں ہوجاتے ہیں ، اس وقت تک وہ کام نہیں کریں گے ۔


عرفان خان سے وابستہ ذرائع کی مانیں تو عرفان خان کم از کم 6 سے 8 ماہ کا بریک لیں گے اور اپنی صحت پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ اس کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے پر وہ کام پر واپس لوٹنے کے بارے میں سوچیں گے ۔ آپ کو بتادیں کہ عرفان خان ان دنوں اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں ۔ حال ہی میں عرفان خان اپنے اہل خانہ کے ساتھ نئے سال کی چھٹی گزار کر واپس لوٹے ہیں ۔



عرفان خان اور کرینہ کپور (Kareena Kapoor) کی فلم انگلش میڈیم مارچ 2020 میں ریلیز ہوگی ۔ امید کی جارہی ہے کہ عرفان خان فلم کی تشہیر کے دوران میڈیا سے بات چیت کریں گے ، لیکن اگر عرفان خان سے وابستہ ذرائع پر یقین کریں تو وہ تشہیری سرگرمیوں میں بہت زیادہ سرگرم نظر نہیں آئیں گے۔ عرفان خان ڈاکٹروں سے مشورے کے بعد ہی فلم سے متعلق پریس کانفرنس میں شریک ہوسکتے ہیں ۔
First published: Jan 08, 2020 10:00 PM IST