ہوم » نیوز » انٹرٹینمنٹ

بالی ووڈ کی اس مشہور اداکارہ نے 9 سال کی عمر میں شروع کی تھی اداکاری ، ٹھکرا دیا تھا ہالی ووڈ کا آفر

انتہائی خوبصورت اور معصوم سی مسکراہٹ بکھیرنے والی مدھو بالا کا شمار ہندی فلموں کی سب سے بااثر شخصیات میں کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے چالیس اور پچاس کی دہائی میں اپنی فن اداکاری سے مداحوں کے دل میں گھر کرلیا تھا اور محل، ترانہ، مسٹر اینڈ مسز 55، ہاوڑا برج، کالا پانی، چلتی کا نام گاڑی جیسی کئی کامیاب فلموں میں انہوں نے کام کیا ۔

  • UNI
  • Last Updated: Feb 14, 2021 08:33 AM IST
  • Share this:
بالی ووڈ کی اس مشہور اداکارہ نے 9 سال کی عمر میں شروع کی تھی اداکاری ، ٹھکرا دیا تھا ہالی ووڈ کا آفر
بالی ووڈ کی اس مشہور اداکارہ نے 9 سال کی عمر میں شروع کی تھی اداکاری ، ٹھکرا دیا تھا ہالی ووڈ کا آفر

بالی ووڈ میں مدھوبالا کو ایک ایسی اداکارہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے ، جنہوں نے اپنی دلکش اداؤں اور بہترین اداکاری سے تقریباً چار دہائیوں تک فلمی مداحوں کے دلوں پر راج کیا ۔ مدھوبالا کی پیدائش 14 فروری 1933 کو ہوئی تھی ۔ ان کے والد عطا اللہ خان کی ملاقات ایک نجومی سے ہوئی ، جس نے بتایا کہ مدھو بالامستقبل کی بہت کامیاب اداکارہ بنیں گی ۔ مدھو بالا کا اصل نام ممتاز جہاں بیگم تھا ۔ انہوں نے سال 1942 میں صرف نو سال کی عمر سے بے بی ممتاز کے نام سے فلم بسنت سے اپنے فلمی کیریئر کا آغازکیا تھا ۔ اس وقت کی مشہور فلم ساز دیویکا رانی نے انہیں مدھو بالا کا فلمی نام دیا ۔ سال 1947 میں مدھو بالا نے فلم نیل کمل میں راج کپور کے مقابلے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا ۔


انتہائی خوبصورت اور معصوم سی مسکراہٹ بکھیرنے والی مدھو بالا کا شمار ہندی فلموں کی سب سے بااثر شخصیات میں کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے چالیس اور پچاس کی دہائی میں اپنی فن اداکاری سے مداحوں کے دل میں گھر کرلیا تھا اور محل، ترانہ، مسٹر اینڈ مسز 55، ہاوڑا برج، کالا پانی، چلتی کا نام گاڑی جیسی کئی کامیاب فلموں میں انہوں نے کام کیا ۔


فلم محل سے شہرت اور ناموری کا جو سفر مدھو بالا نے شروع کیا ، اسے کوئی بھلا نہیں سکتا ۔ ’محل ‘ کے بعد تو انھوں نے پیچھے مڑ کر ہی نہیں دیکھا اور ایک سے بڑھ کر ایک کامیاب فلمیں دیتی رہیں ، جن میں’دلاری‘ ، ’بے قصور‘اور ’ ترانہ‘ جیسی ہٹ فلمیں شامل ہیں ۔


شہرہ آفاق فلم مغل اعظم جس کے بعد مدھو بالا صرف اداکارہ نہیں رہیں ، بلکہ سنیما کی تاریخ میں لیجنڈ کی حیثیت اختیار کر گئیں ۔ اپنی مختصر زندگی میں مدھو بالا نے چوبیس فلموں میں کام کیا ، جن میں سے زیادہ تر سپرہٹ رہیں ۔ دلیپ کمار کے ساتھ مدھو بالاکی جوڑی کو دیکھنے والوں نے کافی پسند کیا ۔ مدھو بالا اپنی خوابناک آنکھوں اور حسن کی وجہ سے بہت مشہور تھیں ، لیکن جو لوگ ان کو حقیقی زندگی میں دیکھا کرتے تھے ، ان کا کہنا تھا کہ اسکرین مدھو بالا کے حسن کو بمشکل ’نصف ‘ ہی دکھا پاتا تھا ۔

فلم ’مغل اعظم‘ کی شوٹنگ کے دوران دلیپ کمار اور مدھوبالا کی محبت اپنے عروج پر تھی ۔ مدھوبالا کی ملاقات فلم ’جوار بھاٹا‘ کے سیٹ پر شہنشاہ جذبات دلیپ کمار سے ہوئی تھی اور یہ ملاقات دوستی سے محبت میں کب بدل گئی ، پتہ ہی نہ چلا۔ مدھوبالا کے والد نے دلیپ کی محبت کو کاروباری معاہدہ بنانے کی کوشش کی ۔ اس سے ان کے تعلقات خراب ہونے شروع ہو گئے ۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ’مغل اعظم‘ کی تیاری سے پہلے ہی ان دونوں کی بات چیت مکمل طور پر بند ہو گئی اوریہ حسین جوڑی ٹوٹ گئی ۔

دلیپ سے دل ٹوٹنے کے بعد مدھوبالا نے اپنے والد سے کہا کہ اگر میری مرضی سے شادی نہیں ہوئی ، تو میں آپ کی مرضی سے بھی شادی نہیں کروں گی ۔ انہوں نے یہ کرکے دکھایا ۔ ایک رات وہ پچھلے پہر کشور کمار کے دروازے پر پہنچ گئیں اور ان سے شادی کیلئے پوچھا ۔ کشور جو پہلے سے اس کے منتظر تھے ، وہ بھلا کیسے انکار کرتے اور یوں دونوں کی شادی ہوگئی ۔

شادی کے بعد بھی مدھوبالا نے کئی کامیاب فلمیں دیں ، لیکن ان کی طبیعت کافی خراب رہنے لگی ۔ پتہ چلا کہ ان کے دل میں سوراخ ہے ، جس کا علاج یہاں ممکن نہ تھا ۔ کشور کمار مدھو بالا کو لندن لے گئے ۔ اس سے ان کی طبیعت سنبھلی تو مگر مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئی ۔ وہ واپس ہندوستان آگئیں ۔ پھر فلموں میں کام کرنے لگیں ، مگر شاید ان کی زندگی کو یہ منظور نہ تھا ۔

بالی وڈ کی فلموں میں لازوال رومانوی کردار ادا کر کے امر ہوجانے والی مدھو بالا محض چھتیس سال کی عمر میں 23 فروری 1969 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئیں ۔ مدھو بالا نے کم عمری میں وہ عروج دیکھا ، جو شاید ہی کسی اور اداکارہ کے حصے میں آیا ہو۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Feb 14, 2021 08:32 AM IST