تجھ سے ناراض نہیں زندگی، حیران ہوں میں۔۔۔ تیرے معصوم سوالوں سے پریشان ہوں میں۔ اس نغمے کو آپ نے تو سنا ہی ہو گا۔ عظیم شاعر اور مشہور نغمہ نگار گلزار نے ہی اسے دنیا سے روبرو کروایا تھا۔ گلزار نام سنتے ہی دل میں ایک الگ سی شبیہ بن جاتی ہے۔ ایک شاعر، مصنف، نغمہ نگار، فلم ساز اور ڈائریکٹر جیسی کئی شناخت ان کے نام کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔
بالی ووڈ میں اگر گلزار نہ ہوں تو ایک ادھوراپن سا لگے گا۔ ان کی موجودگی ہی فلم صنعت میں عشق کا گلشن مہکاتی ہے۔ آج یعنی ہفتہ کے روز گلزار کی سالگرہ ہے۔ گلزار 18 اگست 1934 کو پنجاب کے جھیلم ضلع کے دینا گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔ اب یہ حصہ پاکستان میں ہے۔ وہ ایک سکھ خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے بچپن کا نام سمپورن سنگھ کالرا تھا۔
بچپن میں ہی ماں کے انتقال کر جانے سے انہیں اپنے والد کا بہت زیادہ پیار نہیں ملا۔ ملک کی تقسیم کے باعث ان کا کنبہ امرتسر میں آ کر آباد ہو گیا اور گلزار ممبئی چلے گئے۔ پیسے کی تنگی کی وجہ سے انہوں نے ورلی کے ایک گیریج میں ایک میکینک کے طور پر کام کرنا شروع کر دیا۔ گلزار کو لکھنے کا بہت شوق تھا، لہذا وہ خالی اوقات میں اشعار لکھا کرتے تھے۔
ایک ڈائریکٹر کے طور پر گلزار نے اپنا کیریر 1971 میں 'میرے اپنے' سے شروع کیا تھا۔ اس سے پہلے ایک مصنف کے طور پر انہوں نے آشیرواد، آنند اور خاموشی جیسی فلموں کے لئے ڈائیلاگ اور اسکرپٹ لکھی تھی۔
چوالیس سالوں سے اکیلے رہنے کا دور پیار اور تکرار کے بعد شروع ہواگلزار کو گزرے زمانہ کی مشہور اداکارہ راکھی سے پیار ہو گیا تھا۔ راکھی پہلے سے شادی شدہ تھیں۔ 15 سال کی عمر میں وہ ایک بنگالی فلم ساز سے شادی کر چکی تھیں۔ لیکن یہ شادی طویل عرصہ تک نہیں چلی اور یہ رشتہ ٹوٹ گیا۔ گلزار کی راکھی سے پہلی ملاقات بالی ووڈ کی ایک پارٹی میں ہوئی اور وہ انہیں دل دے بیٹھے۔ آخر میں دونوں نے 15 مئی، 1973 کو شادی کر لی۔
شادی کے لئے گلزار نے راکھی کے سامنے ایک شرط رکھی تھی کہ وہ فلموں میں کام نہیں کریں گی، لیکن راکھی دل سے اس شرط کو نہیں مان سکیں۔ انہیں لگتا تھا کہ ایک دن گلزار فلموں میں کام کرنے کی اجازت انہیں دے دیں گے۔ حالانکہ سال گزرتے گئے لیکن گلزار کا دل نہیں پسیجا۔ اس وقت گلزار کے پاس بہت کام تھا لیکن راکھی خالی بیٹھی ہوئی تھیں۔ اس بات کو لے کر دونوں میں جھگڑے ہونے لگے۔ راکھی جب فلموں میں کام کرنے کی بات کرتیں تو گلزار بھڑک جاتے، ایسا اکثر ہونے لگا تھا۔

کشمیر میں 'آندھی' فلم کی شوٹنگ چل رہی تھی۔ اس فلم کی اداکارہ سچترا سین، اداکار سنجیو کمار سے ناراض چل رہی تھیں۔ لہذا گلزار سچترا کو منانے پہنچے، بند کمرے میں گھنٹوں دونوں کے بیچ بات ہوتی رہی۔ بہت دیر تک سمجھانے کے بعد بالآخر سچترا مان گئیں اور گلزار بند کمرے سے جیسے ہی باہر نکلے ان کا راکھی سے سامنا ہو گیا۔
گلزار کو رات میں سچترا کے کمرے سے باہر آتا دیکھ کر راکھی بھڑک گئیں اور انہوں نے پوچھا کہ اتنی رات کو وہ سچترا کے کمرہ میں کیا کر رہے تھے۔ گلزار نے معاملہ کو سنبھالنے کی بہت کوشش کی لیکن راکھی کا غصہ ساتویں آسمان پر تھا۔ ان کی آواز اتنی تیز تھی کہ ہوٹل کا پورا عملہ جمع ہو گیا۔
گلزار کے صبر کا باندھ ٹوٹ چکا تھا اور انہوں نے بغیر سوچے سمجھے راکھی پر ہاتھ چھوڑ دیا۔ بعد میں ہوٹل کے اسٹاف کے ذریعہ خبر آئی کہ اس رات گلزار نے راکھی کی خوب پٹائی کی تھی۔
اپنے شوہر کی پٹائی سے دکھی راکھی نے دوبارہ فلموں میں جانے کا فیصلہ کر لیا اور یش چوپڑا کی فلم 'کبھی کبھی' سے ایک نیا سفر شروع کر دیا۔ راکھی اور گلزار بیٹی کی پیدائش کے بعد 1974 میں ایک دوسرے سے جدا ہو گئے تھے اور تب سے لے کر اب تک ان کے درمیان تلخی برقرار ہے۔ حالانکہ، دونوں ہی عوامی پلیٹ فارموں پر ایک ساتھ نظر آ جاتے ہیں، لیکن گزشتہ 44 سالوں سے گلزار اکیلے ہی رہ رہے ہیں۔
ریتوراج ترپاٹھی کی رپورٹ سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔