ہوم » نیوز » انٹرٹینمنٹ

کرناٹک : سینڈل ووڈ میں مسلم اداکاروں کے جلوے

خاص بات یہ ہے کہ فلم کتلے کاڈو میں موجود کل 20 فنکاروں میں 6 مسلم اداکار شامل ہیں ۔ پہلی مرتبہ کسی کنڑ فلم میں مسلم اداکاروں کی اتنی بڑی تعداد دکھائی دے رہی ہے ۔

  • Share this:
کرناٹک : سینڈل ووڈ میں مسلم اداکاروں کے جلوے
کرناٹک : سینڈل ووڈ میں مسلم اداکاروں کے جلوے

کنڑا فلم انڈسٹری جسے سینڈل  ووڈ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس صنعت سے ایک اور نئی فلم منظر عام پر آرہی ہے۔ فلم کا نام ہے کتلے کاڈو  یعنی کالا جنگل ۔ خاص بات یہ ہے کہ فلم کتلے کاڈو  میں موجود کل 20 فنکاروں میں 6 مسلم اداکار شامل ہیں ۔ پہلی مرتبہ کسی کنڑ فلم میں مسلم اداکاروں کی اتنی بڑی تعداد دکھائی دے رہی ہے ۔ فلم کے ہیرو لال خان، نیاز الدین نیاز ، افسر شاہ رخ ، امان ، ریشمہ اور اشفاق  نے دیگر اداکاروں کے ساتھ مل کر اس فلم میں اپنی  صلاحیتوں کا بخوبی مظاہرہ کیا ہے ۔ بنگلورو کے معروف گلوکار اور اردو کے شاعر نیاز الدین نیاز اس فلم کے پروڈیوسر ہیں ۔ انہوں نے فلم میں ایک فارسٹ افسر کا بھی رول ادا کیا ہے ۔ راجو دیوسندرا کی ہدایت میں بنی فلم کتلے کاڈو  میں بنگلورو کے شیواجی نگر سے تعلق رکھنے والے لال خان ہیرو کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ سندھو راو ہیروئین ہیں ۔ لال خان اور سندھو راو کی جوڑی نے کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ اس کے علاوہ سنجیو اور ریشمہ عرف سمیتا کی جوڑی،  کرن اور سنچنا کی جوڑی اسطرح تین ہیروز اور تین ہیروئین فلم میں شامل ہیں۔


فلم کی کہانی کچھ یوں ہے کہ 6 دوست سیرح تفریح اور ایڈوینچر کیلئے جنگل کا سفر اختیار کرتے ہیں۔ جنگلات میں ان کی ملاقات مقامی دیہاتیوں، قبائلی لوگوں سے ہوتی ہے۔ایک گھنا جنگل جس کے تعلق سے یہ بات مشہور تھی کہ جنگل میں داخل ہونے والا کبھی  واپس لوٹ کر نہیں آسکتا ، اس خوفناک پہلو کو جاننے کیلئے لال خان کی قیادت میں 6 دوستوں کی ٹیم گھنے جنگل میں داخل ہوتی ہے ۔ جنگلی جانوروں سے ان کا مقابلہ ہوتا ہے۔ کئی مشکلات اور مصیبتوں سے انہیں گزرنا پڑتا ہے ۔ یہ تینوں جوڑے آپس میں ایک دوسرے سے بچھڑ جاتے ہیں ۔ اس دوران فارسٹ افسر ساگر نیاز اور دیگر کردار نمودار ہوتے ہیں ۔ اس طرح فلم کی کہانی ایکشن، سسپنس، سنسنی اور کئی خوفناک پہلوؤں پر مبنی ہے ۔ بنگلورو سے 110 کلومیٹر کی دوری پر واقع میکے داٹو جنگل میں اس فلم کی شوٹنگ عمل میں آئی ہے ۔ فلم کے ہیرو لال خان کہتے ہیں کہ پہلی مرتبہ انہیں لیڈ رول ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے فلمی صنعت سے وابستہ ہیں، لاک اپ ڈیتھ، شیواجی نگر اور چند بڑی فلموں میں اسٹنٹ دکھانے انہیں موقع ملا ہے ۔




انہوں نے کہا فلم پروڈیوسر نیاز الدین نیاز نے انکی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ فلم میں کلیدی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔فلم کی اداکارہ سندھو راو نے کہا کہ کتلے کاڈو انکے کیرئیر کی ساتویں فلم ہے۔ پہلی مرتبہ وہ کسی thrilling  موئی میں رول ادا کررہی ہیں۔  انہوں نے کہا کہ یہ ایک فیملی موئی ہے جس میں ایکشن، رومانس، کہانی اور ماحول کی حفاظت کا سماجی پیغام شامل ہے۔ فلم کے پروڈیوسر اور اس میں فارسٹ افسر کا کردار ادا کرنے والے نیاز الدین نیاز نے کہا کہ فلم ریلیز کیلئے تیار ہے ۔ کورونا وبا اور دیگر حالات کا جائزہ لینے کے بعد فلم ریلیز کی تاریخ طے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا دسمبر یا جنوری کے پہلے ہفتے میں فلم کتلے کاڈو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

نیاز الدین نیاز کو ساگر نیاز کے طور پر بھی جانا جاتا ہے ۔ وہ اردو کے شاعر اور گلوکار بھی ہیں۔ اس سے پہلے اردو کی  دکنی فلمیں ساڑو  میرا جھاڑو، لینے کے دین میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔ پہلی مرتبہ کنڑا فلم پروڈیوس کرتے ہوئے اپنی اداکاری اور گلوکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔  فلم کتلے کاڈو میں فارسٹ افسر کا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ فلم کے دو نغموں کو انہوں اپنی آواز دی ہے۔ نیاز الدین نیاز نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ بڑی تعداد میں مسلم فنکار کسی کنڑ فلم میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کوشش کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ مسلمان اپنی مادری زبان اردو کے ساتھ علاقائی زبان کنڑ کو بھی دل و جان سے چاہتے ہیں ۔ اس زبان کی ترقی میں مسلمان بھی اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فلم کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور آنے والے دنوں میں وہ  مزید فلمیں کنڑا فلم انڈسٹری سینڈل ووڈ کو دیں گے۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Nov 07, 2020 11:46 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading