ہوم » نیوز » عالمی منظر

افغانستان نے پاکستان سے اپنے سفیروں کو بلایا واپس ، کشیدگی میں اضافہ ، جانئے کیا ہے وجہ

افغانستان کے نائب صدر عمراللہ صالح نے کہا کہ صدر اشرف غنی نے پاکستان میں ملک کے سفیر اور دیگر سفارتکاروں کو فوری طورپر واپس بلانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانی سفیر کی بیٹی کے اغوا اور اس کے بعد انہیں دی گئی اذیت سے ہمارے ملک کے عوام کو ٹھیس پہنچی ہے۔

  • UNI
  • Last Updated: Jul 18, 2021 11:55 PM IST
  • Share this:
افغانستان نے پاکستان سے اپنے سفیروں کو بلایا واپس ، کشیدگی میں اضافہ ، جانئے کیا ہے وجہ
افغانستان نے پاکستان سے اپنے سفیروں کو بلایا واپس ، کشیدگی میں اضافہ ، جانئے کیا ہے وجہ ۔ فائل فوٹو ۔

کابل : افعانستان نے پاکستان میں اپنے سفیر کی بیٹی کے اغوا کے معاملہ میں وہاں سے اپنے سفیر اور دیگر افغان سفارتکاروں کو فوری طورپر واپس بلا لیا ہے۔ افغانستان کے نائب صدر عمراللہ صالح نے کہا کہ صدر اشرف غنی نے پاکستان میں ملک کے سفیر اور دیگر سفارتکاروں کو فوری طورپر واپس بلانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانی سفیر کی بیٹی کے اغوا اور اس کے بعد انہیں دی گئی اذیت سے ہمارے ملک کے عوام کو ٹھیس پہنچی ہے۔


صدر کے مشیر وحید عمر نے ٹوئٹ میں کہا کہ سفیر کی بیٹی کو اغوا کرنے والے قانون کے دائرے میں لایا جانا چاہئے اور پاکستان میں افغان سفارتکاروں کی حفاظت یقینی بنائی جانی چاہئے۔


اس سے پہلے افغانی وزارت خارجہ نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ افغانی سفیر کی بیٹی سلسلہ کو اسلام آباد میں کچھ نامعلوم افرادنے اس وقت اغوا کرلیا ، جب وہ اپنے گھر جارہی تھی ۔ بعد میں آزاد کردیا گیا ، لیکن اس سے پہلے انہیں کئی گھنٹوں تک اذیت دی گئی۔ قید سے رہا ہونے کے بعد سلسلہ کا اسلام آباد کے ایک اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔


وزارت نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اپنے سفارتکاروں ، ان کے کنبوں اور پاکستان میں افغان سیاسی اور سفارتی مشن کے اسٹاف کے اراکین کی حفاظت پر تشویش ظاہر کی تھی اور پاکستانی حکومت سے مجرمین کی شناخت کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کی تھی۔

اس درمیان اسلام آباد سے موصولہ خبروں کے مطابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے افغانی سفیر کی بیٹی سلسلہ کے اغوا کے معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو اس سے منسلک مجرمین کو 48 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

مسٹر احمد نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ معاملہ کی تفصیلی جانچ کی جارہی ہے اور اغوا کنندگان کو گرفتار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ اسلام آباد پولیس سلسلہ اور افغانی سفیر کے کنبہ کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم کئے ہوئے ہے۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 18, 2021 11:55 PM IST