واشنگٹن۔ امریکہ نے شامی صحافیہ عروبہ برکات اور ان کی بیٹی حلا برکات کے استنبول (ترکی) میں قتل کی مذمت کی ہے اور اس واقعہ کی چھان بین پر قریبی نظر رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر ناورٹ نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ امریکہ عروبہ اور حلا کی موت پر انتہائی غم زدہ ہے۔ کل جاری اس بیان میں مزید کہا گیا کہ حلا کی بحیثیت صحافی اورینٹ نیوز کو خدمات حاصل تھیں اور ہم ان کی والدہ عروبہ کے حوصلے اور کام کی داد دیتے ہیں۔امریکہ ان دونوں قتل کی سازش کرنے والوں کی مذمت کرتا ہے اور چھان بین پر اس کی قریبی نظر رہے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ شامی تنازع کے پرامن سیاسی حل کے حق میں ہے ۔ جس کی کوشش شامی عوام کی طرف سے کی جانی چاہیے اور اسے شامی عوام کی تائید بھی حاصل ہو۔ واضح رہے کہ بشار حکومت کی مخالف معروف شامی صحافیہ عروبہ برکات اور ان کی بیٹی حلا برکات کو ترکی کے شہر استنبول میں قتل کر دیا گیا ہے۔ ترکی کی پولیس کو جمعرات کی شب دونوں ماں بیٹی کی لاشیں اسکوڈر کے علاقے میں واقع ان کے فلیٹ سے ملی ہیں۔ عروبہ کی بیٹی حلا بھی ایک صحافیہ ہیں۔ شامی کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے عروبہ برکات اور ان کی بیٹی کی اندوہ ناک موت پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عروبہ کی ہمشیرہ شذی برکات نے فیس بک پر اپنے صفحے پر لکھا ہے کہ ظلم اور سرکشی کے ہاتھ نے استنبول میں ان کی بہن ڈاکٹر عروبہ برکات اور بھانجی حلا برکات کو چاقو کے واروں کے ذریعے ان کے فلیٹ میں موت کے گھاٹ اتار دیا"۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی تفصیلات کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا ہے۔
آن لائن میڈیا کے مطابق شذی نے اپنی بہن کے تعزیتی اجتماع میں شام کی حکمراں بعث پارٹی کی حکومت کو عروبہ برکات کے قتل کا مورودِ الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ "اس نظام نے میری بہن کو اسّی کی دہائی سے بے گھر کر رکھا تھا اور بالآخر ایک اجنبی سرزمین پر اس کو موت کی نیند سلا دیا"۔ یاد رہے کہ عروبہ برکات شامی حکومت کی مخالف شامی کارکن تھیں جو ماضی میں اپوزیشن کی قومی کونسل میں شامل ہو گئی تھیں۔ وہ شامی انقلاب کی حمایت کے حوالے سے اپنے موقف کے سبب جانی جاتی تھیں۔ ان کی بیٹی حلا شامی ادارے "اوریئنٹ" فاؤنڈیشن میں بطور صحافیہ کام کر رہی تھیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔