اسلام آباد:پاکستان میں صحافیوں پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے تازہ واقعے میں آج ایک سنیئر صحافی کو خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ ٹانک میں نامعلوم حملہ آوروں نے دن دہاڑے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
صحافی ڈاکٹر محمد زمان محسود پولیس کے مطابق اپنی کار میں گومل بازار سے ٹانک جارہے تھے ۔ راستے میں جنوبی وزیرستان روڈ پر موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے اُن پر گولیاں برسادیں۔
حملے میں بری طرح زخمی زمان محسود کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا جہاں وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ابھی ستمبر میں کراچی میں سینیئر صحافی آفتاب عالم کو گو لی مار کر ہلاک کردیا گیاتھا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق مقتول زمان محسود قبائلی یونین آف جرنلسٹ کی جنوبی وزیرستان شاخ کے صدر اور سیکریٹری جنرل کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے تھے۔
پچھلے سال پاکستانی صحافی حامد میر کو بھی کراچی میں جناح ایئر پورٹ سے شاہراہ فیصل پر نکلتےوقت قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ فائرنگ میں انہیں کئی گولیاں لگیں لیکن وہ قسمت سے بچ گئے۔
کراچی میں ہی نجی ٹی نیوز چینل جیو کی گاڑی پر بھی حال ہی میں فائرنگ کی گئی تھی جس میں ایک سیٹلائیٹ انجینیئر ہلاک اور ایک انجینیئر زخمی ہوا تھا۔
جیو نیوز کے نوجوان صحافی ولی خان بابر کو 13 جنوری 2011ء کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔