نئی دہلی: ہندوستان نے برکس ممالک کے اعلیٰ سیکورٹی افسران کی ڈیجیٹل میٹنگ میں براہ راست پاکستان پر سرحد کے پار دہشت گردی اور جیش محمد ولشکر طیبہ جیسے دہشت گردانہ گروپوں کو پناہ دینے کے لئے تنقید کی۔ وزارت خارجہ نے منگل کو اس بات کی اطلاع دی۔ وزارت نے کہا، ’ہندوستان نے سرحد پار دہشت گردی اور لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسے گروپوں کی سرگرمیوں کا موضوع اٹھایا، جنہیں ریاست کی حمایت حاصل ہے اور امن وتحفظ کا خطرہ ہے‘۔
اس کے ساتھ ہی برکس ممالک کی میٹنگ میں افغانستان کے حالات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ہندوستان نے کہا، ’میٹنگ میں افغانستان، ایران، مغربی ایشیا اور خلیج میں موجودہ پیش رفت اور سائبر سیکیورٹی کے لئے ابھرتے خطرات کے ضمن میں علاقائی اور عالمی سیاست اور سیکورٹی کے پیش نظر جائزہ لیا گیا‘۔ وزارت خارجہ نے مزید کہا، ’قومی سیکورٹی کے لئے ذمہ دار اعلیٰ نمائندوں کی میٹنگیں برکس ممالک کے درمیان سیاسی اور سیکورٹی کے موضوعات کے خیالات کے تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے۔
ہندوستان کی طرف سے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال اس میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔ میٹنگ میں روسی قومی سلامتی کے مشیر جنرل پیتروشیو، چینی پولت بیورو کے رکن یانگ جیئیچی، برازیل کے سیکورٹی افسر جنرل آگسٹو ہیلینا ریبیرو پریرا اور جنوبی افریقہ کے نائب وزیر برائے سلامتی امور نسیڈیسو گڈاینف کوڈوا نے بھی حصہ لیا۔ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے ایک ہفتے بعد یہ میٹنگ ہوئی ہے۔
برکس (برازیل-روس-ہندوستان-چین- جنوبی افریقہ) دنیا کی پانچ سب سے بڑی ترقی پسند ممالک کی تنظیم ہے۔ ان ممالک میں دنیا کی 41 فیصد آبادی رہتی ہے۔ عالمی جی ڈی پی میں ان ممالک کا 24 فیصدی اور عالمی تجارت میں 16 فیصدی حصہ ہے۔ ہندوستان دہشت گردی، انتہا پسندی اور شدت پسندی سے نمٹنے میں برکس کے اراکین ممالک کے درمیان گہرے تعاون پر زور دیتا رہا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔