ہوم » نیوز » عالمی منظر

فلسطینی مظاہرین پر اسرائیل کا ظلم و ستم جاری، ایک شہید، 400 سے زائد زخمی

غزہ۔ اسرائیلی فوج نے پرامن احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

  • UNI
  • Last Updated: Jul 07, 2018 01:23 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
فلسطینی مظاہرین پر اسرائیل کا ظلم و ستم جاری، ایک شہید، 400 سے زائد زخمی
فائل فوٹو: فوٹو کریڈٹ العربیہ ڈاٹ نیٹ۔

غزہ۔ اسرائیلی فوج نے پرامن احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کے علاقے غزہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینی مظاہرین پر ظلم و ستم جاری ہے۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی مظاہرین نے اسرائیلی فوجی قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے نہتے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ 22 سالہ نوجوان کو سینے پر گولی لگی۔


اسرائیل نے پرامن مظاہرین پر آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا بھی استعمال کیا جس سے 400 سے زائد فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے جن میں سے 57 کو گولیاں لگی ہیں۔ فلسطینیوں نے جواب میں اسرائیلی فوجیوں پر پتھراؤ کیا اور ٹائر نذر آتش کیے۔ مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف 30 مارچ سے فلسطینی شہری وقفے وقفے سے احتجاج کررہے ہیں۔ اس احتجاج کو کچلنے کے لیے اسرائیلی افواج نے ہمیشہ طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں اب تک 136 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔


واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس کی حکومت برسراقتدار آنے کے بعد اسرائیل اور مصر نے اس علاقے کی مشترکہ طور پر ناکہ بندی کی جو 12 سال تک جاری رہی۔ اس محاصرے کی وجہ سے غزہ میں خوراک اور زندگی کی بنیادی ضروریات کا بھی بحران پیدا ہو گیا اور شدید معاشی نقصان پہنچا جس کے اثرات سے یہ علاقہ آج تک نہیں نکل سکا۔

First published: Jul 07, 2018 01:23 PM IST