ہوم » نیوز » عالمی منظر

بنگلہ دیش : کورونا وائرس سے کاکس بازار میں پہلے روہنگیا پناہ گزیں کی موت

یونیسف نے کہا کہ وہ کاکس بازار میں روہنگیا آبادی میں پہلا کورونا وائرس کیس کی تصدیق ہونے کے بعد وہ 210 بستروں پر مشتمل تنفس سے متعلق انفیکشن اور علاج کا مرکز تیار کررہا ہے ۔

  • UNI
  • Last Updated: Jun 02, 2020 08:17 PM IST
  • Share this:
بنگلہ دیش : کورونا وائرس سے کاکس بازار میں پہلے روہنگیا پناہ گزیں کی موت
علامتی تصویر

بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں واقع اوکھیا کیمپ کے آئسولیشن سینٹرمیں پیر کی رات کورونا وائرس سے متاثرہ ایک روہنگیا پناہ گزین کی موت ہوگئی ۔ مہاجرین ، راحت رسانی اور باز آبادکاری کمیشن کے ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ابو طبہ ایم آر ایچ نے بتایا کہ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔ اس کی عمر تقریبا 70سال ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کورونا وائرس سے مرنے والے پہلے روہنگیا پناہ گزین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے روہنگیا پناہ گزین کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں ، جن کا علاج آئسولیشن سینٹر میں کیا جارہا ہے ۔


اس سے قبل 16 مئی کو کاکس بازار میں کتوپالونگ ریلیف کیمپ میں دو روہنگیا مہاجرین کورونا  سے متاثر ہوئے تھے ۔ اس کے بعد مقامی انتظامیہ نے کیمپ میں مقیم 5000 روہنگیا پناہ گزینوں کے لئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا ۔ انٹر سیکٹر کوآرڈینیشن گروپ نے کہا کہ حکومت ، اقوام متحدہ کی ایجنسیاں اور غیر سرکاری تنظیمیں کاکس بازارمیں جانچ ، آئسولیشن اور علاج کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے بڑے پیمانے پر کام کر رہی ہیں ۔


یونیسف نے کہا کہ وہ کاکس بازار میں روہنگیا آبادی میں پہلا کورونا وائرس کیس کی تصدیق ہونے کے بعد وہ 210 بستروں پر مشتمل تنفس سے متعلق انفیکشن اور علاج کا مرکز تیار کررہا ہے ۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں 11 لاکھ سے زیادہ روہنگیا پناہ گزین ہیں ، جن میں سے بیشتر اگست 2017 سے اس ملک میں پناہ لیے ہوئے ہیں ۔


بنگلہ دیش میں کورونا کیسز 50000 سے متجاوز

ادھر بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار اور جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی ہے۔ منگل کے روز وزارت صحت کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نسیمہ سلطانہ نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے سب سے زیادہ 2911 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جن سے متاثرہ افراد کی تعداد 52445 ہوگئی ۔ دریں اثنا مزید 37 مریضوں کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد بڑھ کر 709 ہوگئی ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہلاکت اب تک کی دوسری بڑی تعداد ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران 523 مزید مریضوں کی صحتیابی کے بعد ٹھیک ہونے والوں کی تعداد 11120 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 مارچ کو ملک میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے اب تک 333073 سیمپل کا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے ۔
First published: Jun 02, 2020 08:17 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading