مصری صدرالسیسی کا مشرقی بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی حمایت
مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی نے قضیہ فلسطین سے متعلق اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Jun 22, 2018 06:16 PM IST

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے لی گئی تصویر
قاہرہ: مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی نے قضیہ فلسطین سے متعلق اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے۔ "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کے مطابق انہوں نے کہا کہ ان کا ملک قضیہ فلسطین کے دو ریاستی حل اور مشرقی بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی حمایت پر زور دیتا رہے گا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری صدر نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جارڈ کوشنر اور مشرق وسطیٰ کے لئے امریکی ایلچی جیسن گرین بیلٹ سے قاہرہ میں ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پرمصری وزیر خارجہ سامح شکری، انٹیلی جنس چیف عباس کامل اوردیگرعہدیداران موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مصر مسئلہ فلسطین کے جامع، دیرپا اور منصفانہ حل کے حوالے سے ہونے والی مساعی کی حمایت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے لئے مصر اپنے موقف پر قائم ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ قضیہ فلسطین کو حل کیا جائے اورفلسطینی ریاست کے قیام کے لئے اسرائیل کو 1967 کی جنگ سے پہلے والی پوزیشن پر واپس جانے کا مطالبہ اصولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگردونوں ریاستوں کے مسئلے کو حل کرنا ہے تو اس سے بہتر کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ مشرقی یروشلم کوہرحال میں فلسطینی مملکت کے دارالحکومت کا درجہ ملنا چاہئے، کیونکہ یہ اس کا حق ہے۔
مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر السیسی اور امریکی مندوبین کے درمیان ہونے والی بات چیت کی تفصیل بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر نے امریکہ کے ساتھ تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے، مشرق وسطیٰ میں دیر پا استحکام اور امن کے قیام کی مساعی میں مل کر کوششیں کرنے، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے اور خطے مین اقتصادی اور سماجی ترقی کے شعبوں میں کام کرنے پر زور دیا ہے۔