ملائیشیا کے ایک مدرسہ میں آگ لگنے سے 24 طلبہ جاں بحق، کئی دیگر زخمی
کوالالمپور۔ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ایک مذہبی درسگاہ میں آج صبح آگ لگنے سے کم سے کم 24 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں سے بڑی تعداد طلبہ کی ہے۔
- UNI
- Last Updated: Sep 14, 2017 12:57 PM IST

اسکول کے باہر راحتی عملہ راحت اور بچاو کے کاموں میں مصروف: رائٹرز۔
کوالالمپور۔ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ایک مذہبی درسگاہ میں آج صبح آگ لگنے سے کم سے کم 24 افراد جاں بحق جبکہ دیگر کئی زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بڑی تعداد طلبہ کی ہے۔ حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے درسگاہ کی اوپری منزل پر ڈارمیٹری میں ٖ آگ لگی اور زیادہ تر طالب علم اس کی زد میں آگئے ۔
ملائیشیا کی فائرسروس اور ریسکیو ٹیم نے ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ صبح کے وقت یہاں دارالقرآن اتفاقیہ بورڈنگ اسکول میں صبح 5:40 بجے میں آگ لگ گئی۔ جن میں کم سے کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ لاشوں کو قریبی اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ بتایاگیا ہے کہ تین منزلہ اسکول کے اوپری منزل پر اس وقت آگ لگی جب طلبہ سو رہے تھے۔
کوالالمپور پولیس کے سربراہ امر سنگھ نے صحافی کو بتایا کہ اس واقعے میں 22 طلبہ اور دو وارڈن ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے لڑکے 13 سے 17 سال کے درمیان کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی دم گھٹنے کی وجہ سے موت ہوگئی ۔
فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیم کے نائب ڈائریکٹر سوئی نم زاہد نے اسکول کے باہر صحافی کو بتایا کہ عمارت کے چاروں اطراف پر گرل ہونے کی وجہ سے طلبہ بھاگ نہیں سکے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے لیکن شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وہیں، ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے مدرسے میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔