உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    حج 2016 : ارکان حج کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ، لاکھوں عازمین خیموں کے شہر منی کی طرف گامزن

    photo : arabnews

    photo : arabnews

    عازمین حج کے پہلے رکن کی ادائیگی کے لئے سفید احرام میں ملبوس لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے منی پہنچ رہے ہیں۔

    • Pradesh18
    • Last Updated :
    • Share this:
      مکہ مکرمہ : آج سے ارکان حج کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ پوری دنیا سے مکہ مکرمہ پہنچنے والے1.5 ملین عازمین حج منی کی جانب گامزن ہیں ۔ یہ عازمین حج کے پہلے رکن کی ادائیگی کے لئے سفید احرام میں ملبوس لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے منی پہنچ رہے ہیں۔ جب کہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ اتوار کو یعنی کل ادا کیا جائے گا اور حج کے امام مسجد نمرہ سے حج کا خطبہ دیں گے۔
      خیموں کی اس وادی میں لاکھوں عازمین حج آج یہاں قیام کریں گے اور ذکر واذکار اورعبادت وریاضت میں مصروف رہیں گے۔ سال رواں ایک لاکھ سے زائد ہندستانی عازمین حج کی سعادت سے سرفراز ہوں گے۔
      یہ روح پرور عالمی اجتماع اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک ہے ، جو ہر اس مسلمانوں پر فرض ہے جو مالی وجسمانی طاقت رکھتا ہو۔ حج کے زیادہ تر ارکان حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر مبنی ہیں۔ ایک طرف طواف کعبہ ہے تو دوسری طرف صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کو تیز گامی سے طے کرنا ہے ، جو کہ بی بی ہاجرہ کی سنت ہے۔
      عازمین حج ہفتہ کو منی میں قیام کرنے کے بعد اتوار کوفجر کی نماز کے بعد میدان عرفات کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ نویں ذی الحجہ کو یعنی اتوار کو وقوف عرفہ ہے ، جو حج کا رکن اعظم ہے۔ یہاں ظہر اور عصر کی نماز ادا کی جائے گی اور عازمین بارگاہ ایزدی میں رو رو کر اور گڑگڑا کر دعا مانگیں گے۔ اس کے بعد مغرب کے وقت مغرب کی نماز ادا کئے بغیر مزدلفہ کی جانب رواں دواں ہو جائیں گے۔ مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشا کی نماز ایک ساتھ پڑھیں گے اور رات بھر یہیں قیام کریں گے۔ عازمین حج یہیں کنکریاں جمع کریں گے اور اگلے دن 10 ذی الحجہ کو یعنی پیر کو بعد نماز فجر عازمین مزدلفہ سے منی کی جانب کوچ کریں گے ۔ یہاں پہنچ کر وہ قربانی کریں گے ، بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے ، سر حلق کروائیں گے اور اس کے بعد احرام کھول دیں گے۔ اس کے بعد خانہ کعبہ کا طواف اور صفا ومروہ کی سعی کریں گے۔ اس طواف کو طواف افاضہ کہا جاتا ہے جو حج کے ارکان میں سے ہے۔
      دریں اثنا، حج کے دوران سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ سعودی حکومت نے انتباہ دیا ہے کہ یہاں کسی کو بھی شرپسندی کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ منی میں عازمین کے قیام کے لئے لاکھوں خیمے نصب کئے گئے ہیں۔

      ایجنسیوں کے ساتھ
      First published: