نیروبی۔ صدر امریکہ بارک اوبامہ کے سوتیلے بھائی مالک اوبامہ نومبر میں امریکی صدارتی الیکشن میں اپنا ووٹ ریپبلکن امیدوار اور ارب پتی بزنس مین ڈونالڈ ٹرمپ کو دیں گے کیونکہ وہ بارک اوبامہ کی کارکردگی سے ناخوش ہیں ۔ مالک اوبامہ نے جو اس وقت اپنی عمر کی چھٹی دہائی میں ہیں،کہا ہے کہ وہ اپنے سوتیلے بھائی بارک اوبامہ کی امریکی صدر کے طور پر کارکردگی اور طرز قیادت سے مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے مغربی کینیا میں اپنے کوگیلو نامی آبائی گاؤں سے ایک ٹیلی فون انٹرویو میں یہ باتیں کہی ہیں۔
انہوں نےکہا کہ وہ ایک امریکی شہری کے طور پر نہ صرف ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے حامی ہیں بلکہ وہ خاص طور پر سلامتی کے شعبے میں ٹرمپ کی سیاسی سوچ کے مداح بھی ہیں۔ آن لائن میڈیا کے مطابق مالک اوبامہ ایک امریکی شہری کے طور پر 1985 سے واشنگٹن میں مقیم ہیں جہاں وہ مختلف اداروں کے لیے کام کرتے رہے اور پھر انہوں نے ایک مالیاتی مشیر کے طور پر اپنی ایک کنسلٹنگ کمپنی قائم کر لی تھی۔ مالک اوبامہ نے رائٹرزکو بتایاکہ ’’ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں مسلمانوں کی آمد کے حوالے سے جو (متنازعہ) بیانات دیئے ہیں، وہ میری طرح کے مسلمانوں کے لیے بھی قابل فہم ہیں لیکن میں ایک سیاستداں کے طور پر ٹرمپ کو پسند کرتا ہوں۔ میری رائے میں وہ (ٹرمپ) جو کچھ بھی کہتے ہیں، دل سے کہتے ہیں، نہ کہ وہ صرف ایسے بیانات دیتے رہیں، جو سیاسی طور پر محض درست بات کہنے کی کوشش کا نتیجہ ہوں۔‘‘
مالک اوبامہ نے اپنے اس انٹرویو میں مبینہ طور پر یہ بھی کہا ’’میں بھی ظاہر ہے کہ ایک مسلمان ہوں۔ لیکن میں ایسے لوگوں کی حمایت نہیں کر سکتا، جو صرف اسلام کا نام لے کر جدھر بھی جائیں، عام لوگوں کو فائرنگ کر کے قتل کرتے پھریں۔‘‘ بارک اوبامہ کی سیاست پر اپنی تنقید کے دفاع میں انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کی وجہ سے انہیں یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے بھائی پر بھی تنقید کر سکیں، چاہے وہ بھائی امریکی صدر ہی کیوں نہ ہو۔‘‘ مالک اوبامہ نے اپنے سوتیلے بھائی بارک اوبامہ کے واشنگٹن کے وائٹ ہاؤس میں صدر کے طور پر ’لیڈرشپ ریکارڈ‘ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بارک اوبامہ نے امریکی عوام حتیٰ کہ امریکہ اور کینیا میں اپنے وسیع تر خاندان کے لیے بھی زیادہ کچھ نہیں کیا، وہ سب کچھ جس کی آٹھ سال پہلے 2008ء کے امریکی صدارتی الیکشن کے بعد ان سے توقع کی گئی تھی۔‘‘
بارک اور مالک اوبامہ بھائیوں کے طور پر پہلے ایک دوسرے کے کافی قریب تھے لیکن پھر وہ ایک دوسرے سے دور ہوتے چلے گئے۔ مالک وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں اپنے بھائی سے ملنے بھی گئے تھے اور برسوں پہلے بارک اوبامہ کی میشل کے ساتھ شادی کی تقریب میں ’بیسٹ مین‘ بھی وہی بنے تھے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔