ہوم » نیوز » عالمی منظر

سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے معمول کی زندگی متاثر

مکہ مکرمہ میں موسلا دھار بارش کے باعث وادی عرنہ میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار سیلاب آگیا

  • UNI
  • Last Updated: Nov 10, 2018 09:50 AM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے معمول کی زندگی متاثر
ریاض میں ژالہ باری کا سلسلہ بھی رہا: فوٹو یو این آئی۔

 مملکت سعودی عرب کے بیشتر بڑے شہروں میں ہونے والی بارش سے معمول کی زندگی معطل ہوکر رہ گئی ہے۔ ریاض ، الباحہ ، مکہ مکرمہ، طائف ، العرضیات ، اللیث، الخرمہ اور جدہ میں جمعہ کو موسلا دھار بارش ہوئی۔ ریاض میں ژالہ باری کا سلسلہ بھی رہا۔ دار الحکومت کی سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ سیلاب کے باعث شہر کے بیشتر انڈر پاس ڈوب گئے۔ کئی سڑکوں پر ٹریفک معطل ہو کر رہ گیا۔


ریاض محکمہ ٹریفک نے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مشرقی سرکلر روڈ کے انڈر پاس و چوراہو ں ، دیراب روڈ او رمغربی سرکلر روڈ کی طرف موڑ دیا۔ یہاں موسلا دھار بارش کی وجہ سے شاہراہیں بند ہوگئیں جبکہ انڈر پاس میں بہت ساری گاڑیاں ڈوب گئیں اور شہر کے مختلف مقامات جھیل کا منظر پیش کرنے لگے۔ موسلادھار بارش میں 93افراد پھنس گئے تھے، جنہیں بچا لیا گیا، 71گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ شارٹ سرکٹ کے 34واقعات ریکارڈ پر آئے۔ الشرقیہ ، القصیم، حدود شمالیہ، مدینہ منورہ، حائل، الجوف، الریاض، جازان، تبوک، نجران، عسیر، الباحہ او رمکہ مکرمہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ بعض مقامات پر درمیانے درجے اور دیگر مقامات پر تیز بارش دیکھنے میں آئی۔


مکہ مکرمہ میں موسلا دھار بارش کے باعث وادی عرنہ میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار سیلاب آگیا۔ جنوبی مکہ کا الحسینیہ محلہ موسلا دھار بارش کے باعث زیر آب آگیا۔ الحسینیہ کے باشندوں نے نکاسی آب کے نظام کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں کب تک ہم لوگ سیلاب کے مسائل سے دوچار ہوتے رہیں گے۔ اللیث کمشنری میں موسلا دھار بارش نے یہاں کی سڑکوں اور چوراہوں پر پانی جمع کردیا، ایک گھنٹے تک مسلسل زوردار بارش ہوتی رہی جس کے باعث سڑکوں پر کھڑی متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں اور ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔


جدہ میں جمعہ کو صبح پونے 9بجے سے لگ بھگ 10بجے تک موسلا دھار بارش ہو ئی۔ تاہم نکاسی کا نظام موثر ہونے کے باعث جلد ہی تمام سڑکیں دھوپ نکلنے پر خشک ہوگئیں تاہم بعض نشیبی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہو گیا ۔ عفیف کمشنری میں بھی بارش سے جھیلوں کے مناظر پیدا ہو گئے، طائف میں صبح 10بجے سے رات 9بجے تک گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔


First published: Nov 10, 2018 09:50 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading