پاکستان: عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد مظاہرے، پورے ملک میں دفعہ 144 لاگو
پاکستان: عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد مظاہرے، پورے ملک میں دفعہ 144 لاگو ۔ تصویر : AP
Pakistan Imran Khan Arrested : پاکستانی حکومت نے ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر موبائل اور انٹرنیٹ خدمات بند کردی ہیں ۔ اس کے علاوہ کئی شہروں میں یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹرکی سروسز بند کردی گئی ہیں جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسلام آباد : پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو پاک رینجرس نے منگل کو عدالت کے احاطہ سے ہی گرفتار کرلیا اور انہیں بدھ کو نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے سربراہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ معاملہ میں گرفتار کیا گیا ہے، جس کیلئے نیب نے انہیں کئی مرتبہ طلب کیا تھا ۔ وہیں سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے بعد پاکستان میں حالات خراب ہوتے نظر آرہے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے حامی ملک بھر میں مظاہرے کررہے ہیں اور کئی جگہوں سے تشدد کی خبریں بھی آرہی ہیں ۔ تازہ صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے ۔
پاکستانی حکومت نے ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر موبائل اور انٹرنیٹ خدمات بند کردی ہیں ۔ اس کے علاوہ کئی شہروں میں یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹرکی سروسز بند کردی گئی ہیں جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پارٹی کارکنان اور حامی نے کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں احتجاج کررہے ہیں ۔ کئی جگہ ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور کچھ مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں تصادم بھی ہوئے ہیں ۔ وہیں سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے بعد پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت میں آگ لگادئے جانے کی خبریں گردش کررہی ہیں ۔ مظاہرین نے کئی جگہوں پر توڑ پھوڑ کی ہے اور کئی راستوں میں جام لگادیا ہے ۔ جگہ جگہ ٹائر کو جلاکر بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔ ادھر پورے پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت جلسے جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پرپابندی لگادی گئی ہے جبکہ لاہور میں رینجرز بھی طلب کر لی گئی ہے۔
بتادیں کہ عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی نے ان کی اس گرفتاری کو اغوا قرار دیا ہے ۔ پی ٹی آئی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ پاکستان رینجرس نے پی ٹی آئی کے صدر عمران خان کا اغوا کرلیا ہے ۔ پی ٹی آئی نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ گرفتار کئے جانے کے دوران عمران خان کو پاکستانی رینجرس نے دھکا دیا تھا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
عمران خان کی گرفتاری کے وقت ہائی کورٹ کے احاطہ میں افراتفری کا عالم نظر آیا، جہاں کئی دیگر لوگوں کو بھی چوٹ آنے کی خبر ہے ۔ پاکستان کے سابق وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ عدالت پر رینجرس کا قبضہ ہے اور وکیلوں کو اذیت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کار کو گھیر لیا گیا ہے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔