ہوم » نیوز » عالمی منظر

آئی ایس سرغنہ البغدادی کا بھی لادن جیسا ہوا حشر، امریکہ نے سمندر کی گہرائیوں میں دفن کی لاش

ذرائع نے بتایا کہ بغدادی کی لاش کو فورنسک ڈی این اے جانچ کے لئے ایک محفوظ مرکز پر لے جایا گیا تھا تاکہ اس کی شناخت کی تصدیق کی جاسکے۔ اس کے بعد اسے دفن کردیا گیا۔

  • UNI
  • Last Updated: Oct 29, 2019 03:45 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
آئی ایس سرغنہ البغدادی کا بھی لادن جیسا ہوا حشر، امریکہ نے سمندر کی گہرائیوں میں دفن کی لاش
سمندر کی گہرائیوں میں دفن کیا گیا بغدادی

واشنگٹن۔ امریکہ نے شام میں امریکی خصوصی سلامتی دستوں کی کارروائی میں مارے گئے اسلامک اسٹیٹ کے سرغنہ ابو بکرالبغدادی کی لاش کو سمندر میں دفن کردیا ہے۔

امریکی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ بغدادی کی لاش کو معیاری طریقہ عمل اور مسلح تنازعات کے قانون کے تحت مکمل طورپر اسلامی رسم و رواج کے مطابق سمندر میں دفن کر دیا گیا۔ حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اسے کس جگہ پر دفن کیا گیا اور اس عمل میں کل کتنا وقت لگا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ بغدادی کی لاش کو طیارے سے سمندر میں ڈال دیا گیا ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ بغدادی کی لاش کو فورنسک ڈی این اے جانچ کے لئے ایک محفوظ مرکز پر لے جایا گیا تھا تاکہ اس کی شناخت کی تصدیق کی جاسکے۔ اس کے بعد اسے دفن کردیا گیا۔

اس سے پہلے القاعدہ کے سرغنہ اسامہ بن لادن کو بھی اسی طرح سمندر میں دفنایا گیا تھا لیکن اسے دفن کرنےسے پہلے کافی لمبا عمل اختیار کیا گیا تھا۔ اس کی لاش کو طیارہ بردار جہاز یوایس ایس کارل ونسن سے سمندر میں لے جایا گیا اور سفید چادر میں لپیٹ کر سمندر میں ڈال دیا گیا۔ لادن 2011 میں پاکستان کے ایبٹ آباد میں امریکی کارروائی میں مارا گیا تھا۔


ذرائع نے بتایا کہ بغدادی کو جس جگہ مارا گیا وہاں سے کچھ سامان بھی ملا ہے لیکن اس کے بارے میں تفصیلی اطلاع نہیں دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی دستوں نے بغدادی کے دو ساتھیوں کوبھی حراست میں لیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو شمال مغربی شام میں امریکہ کے خصوصی دستوں کے حملے میں بغدادی کے مارے جانے کا اعلان کیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ شمال مغربی شام میں امریکہ کے سوان دستے نے ایک طرف سے بند سرنگ میں آئی ایس کے سرغنہ کا پیچھے کیا اور جب اس کے پاس بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں بچا تو اس نے اپنی جیکٹ میں لگے بم میں دھماکہ کرکے اپنے ساتھ ساتھ دو دیگر کو اڑا لیا تھا۔ امریکہ نے پیر کوسلامتی دستوں کی کارروائی میں آئی ایس ترجمان ابو الحسن مہاجر کے بھی مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔
First published: Oct 29, 2019 03:44 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading