پاکستان : وزیر اعظم عمران خان کے بعد اب صدر عارف علوی بھی کورونا سے متاثر پائے گئے
Coronavirus in Pakistan : صدر پاکستان علوی نے ٹویٹر پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ میں کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہوں ۔ کورونا سے متاثر تمام لوگوں پر خدا کی رحمت ہو۔ میں نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے ، لیکن دوسری خوراک لینے کے بعد ہی اینٹی باڈی بنتے ہیں ۔ میں عوام سے مسلسل احتیاط برتنے کی اپیل کرتا ہوں ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Mar 30, 2021 09:01 AM IST

پاکستان : صدر عارف علوی بھی کورونا سے متاثر پائے گئے
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے بعد اب پاکستان کے صدر عارف علوی بھی کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں ۔ صدر پاکستان علوی نے پیر کے روز ٹویٹر پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ میں کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہوں ۔ کورونا سے متاثر تمام لوگوں پر خدا کی رحمت ہو۔ میں نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے ، لیکن دوسری خوراک لینے کے بعد ہی اینٹی باڈی بنتے ہیں ۔ میں عوام سے مسلسل احتیاط برتنے کی اپیل کرتا ہوں ۔ علاوہ ازیں پاکستان کے وزیر دفاع پرویز کھٹک بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔
غور طلب ہے کہ چین میں تیار کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بھی کورونا سے متاثر ہو گئے تھے۔ عمران خان کے کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹوئٹر پر تصدیق کی تھی کہ عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں کوارنٹائن کرلیا ہے ۔
وازا مرضت فھوا یشفین
اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی شفا دیتا ہے
I have tested positive for Covid-19. May Allah have mercy on all Covid affectees. Had 1st dose of vaccine، but antibodies start developing after 2nd dose that was due in a week. Please continue to be careful.
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) March 29, 2021
اسلام آباد کے پولی کلینک میں بڑی تعداد میں طبی عملہ کورونا سے متاثر
ادھر ڈان نیوز کی ایک خبر کے مطابق اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پولی کلینک میں بڑی تعداد میں طبی عملہ کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ۔ ترجمان پولی کلینک عبدالجبار بھٹو کے حوالہ سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا سے 42 ڈاکٹرز، 72 نرسیں اور 68 پیرامیڈکس متاثر ہوئے ہیں اور تمام متاثرہ افراد کوارنٹائن میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بڑے پیمانے پر کورونا کے پھیلاؤ سے پولی کلینک اسپتال میں طبی عملے کی کمی کا سامنا ہے ۔ کم طبی عملے سے زیادہ کام لینے کی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران 100 ڈاکٹرز، 120 نرسیں اور 150پیرامیڈکس شدید متاثر ہوئے تھے۔
یو این آئی ان پٹ کے ساتھ ۔